ناندیڑ: 27جون ( ورقِ تازہ نیوز) اُدیے نگر کے حدود میں ایک 17 سالہ لڑکے نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق بھاگیہ نگر راستہ سے متصل اُدیے نگر میں سائی پرساد نامی عمارت میں مانوت کا ساکن سنتوش گنگادھر راﺅت نام کا لڑکا کرایہ سے رہتا تھا۔ کچھ دن قبل 12 ویں کے نتائج کا اعلان ہوا تھا۔ وہ بھی بارہویں جماعت کا طالب علم تھا۔ آج صبح وہ اپنے کچھ دوستوں کے ساتھ چائے پی کر واپس اپنے روم میں گیا۔
11 بجے اُس کے دوستوں نے جب اُس کے روم کا دروازہ کھٹکھٹایا تو اندر سے کوئی جواب نہیں آیا۔ دوستوں کو تشویش ہونے پر انہوں نے جب کھڑکی سے جھانک کر روم میں دیکھا تو سنتوش گنگادھر راﺅت کی نعش لٹکتی ہوئی دکھائی دی۔ سنتوش راﺅت اس عمارت کی اوپری منزل پر رہتا تھا۔ جب اس کی اطلاع سنتوش راﺅت کے دوستوں نے پولیس کو دی تب فوری طور پر پولیس جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ پولیس تحقیقات میں مصروف ہے۔ سنتوش راﺅت نے ایس ایس سی امتحان میں 94 فیصد نشانات حاصل کیے تھے۔ جبکہ ایچ ایس سی امتحان میں اُس نے 84 فیصد نشانات سے کامیابی حاصل کی تھی۔ بتایا جارہا ہے کہ وہ اپنے والدین کا اکلوتا لڑکا تھا۔ سنتوش کو دو بہن ہیں، ایک بہن طبی تعلیم حاصل کررہی ہے۔