فٹ پاتھ اورنالیوں کے قبضے کوجے سی بی سے نکالا گیا

ناندیڑ:2فروری(ورق تازہ نیوز)
ناندیڑ کارپوریشن نے آج قدیم شہر میں بڑے پیمانے پر غیر مجازقبضہ جات کے خلاف کارروائی کی ہے ۔کارپوریشن کے محکمہ غیر مجازقبضہ جات دستہ کے سربراہ اور فائربریگیڈ کے سربراہ جناب رئیس پاشا کی قیادت میں ناندیڑ کے قدیم شہر کے علاقوں میں صبح 8بجے سے کارروائی کا آغاز کیا گیا ۔برکت کامپلکس کے سامنے کے علاوہ دیگلور ناکہ حیدرباغ دواخانہ‘قدوائی نگرمنیار گلی تا برقی چوک اور حبیب ٹاکیزعلاقے میں یہ کارروائی بڑے پیمانے پر کی گئی ۔اس کارروائی میں جے سی بی مشین اوردیگر آلات کا استعمال کیا گیا ۔ان غیر مجاز قبضہ جات کی وجہ سے فٹ پاتھ اور سڑکوں پر آمدرفت میں کافی مشکلات پیش آ رہی تھی اور ٹرافک کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ہاتھ گاڑے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ 5 کاروباریوں کے خلاف جرمانے کی کارروائی کرتے ہوئے ان سے 17 ہزار روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا ۔

یہ کاروائی میونسپل کمشنر لہوراج مالی کی قیادت میں کی گئی۔ جس میں غیر مجاز قبضہ جات دستے کے سربراہ اور فائربریگیڈ آفیسر جناب رئیس پاشاہ ‘اتوارہ پولیس اسٹیشن کے پی آئی نرواڑے ‘ ان کے معاونین اور کارپوریشن کے اسسٹنٹ کمشنر سدھیر یانگولے‘ ڈاکٹرئیس الدین ‘غیر مجاز قبضہ جات ہٹاو¿ دستہ کے ملازمین ‘ کارپوریشن کے پولیس دستے کے سربراہ جناب قاضی اپنی پوری ٹیم کے ساتھ اس کارروائی میں شامل تھے۔کارپوریشن نے کہاکہ آئندہ بھی اسی طرح کی کارروائی جاری رہے گی ۔ واضح رہے کہ قدیم شہر کے برقی چوک کا قدیم مونڈھا تک سڑکوں پر ہاتھ گاڑی والوں کے قبضے اور فٹ پاتھ پردوکانداروں کے قبضہ ہوگئے ہیںجس سے پیدل راہگیروں کو بہت مشکلات پیش آرہی ہے۔ہاتھ گاڑوں سے ٹرافک کے مسائل کھڑے ہورہے ہیں ۔کارپوریشن کی جانب سے شہر میں بڑے پیمانے پر غیر مجاز قبضہ جات کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔اور سبھی علاقوں میں اس طرح کی کارروائی کی جا رہی ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ کارپورشن انتظامیہ ہمیشہ ہی غیرمجازقبضہ جات کے خلاف کاروائی کاسلسلہ جاری رکھے تاکہ دوبارہ یہ تاجر اپنی دکانیں اور تجاوزات کو اس مقام پر قائم نہ کرے کیونکہ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ کارپوریشن کاروائی چند روز تک جاری رہتی ہے اور پھربعد میں صورتحال وہی ہوجاتی ہے ۔
