ناندیڑ:7مارچ (ورق تازہ نیوز)سال 2017 کے ناندیڑواگھالہ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کامیاب قرار دئے گئے شیوسینا کے امیدوار بالاجی کلیانکر کے بجائے کانگریس کے حزب مخالف کے امیدوار دنیش مورتالے کو اب کامیاب قراردیاگیا ہے۔اس طرح کا فیصلہ ناندیڑ کی دیوانی عدالت کے جج رویندر کرنکاڑ نے ہفتہ کودیا ہے ۔
اس طرح رکن اسمبلی بالاجی کلیانکر کی میونسپل کارپوریشن کی رکنیت منسوخ کردی گئی ہے ۔
تفصیل کے مطابق 12 اکتوبر 2017 کو ناندیڑ میونسپل کارپوریشن انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا گیا اس وقت ریٹرئنگ آفیسر نے بالاجی کلیان کو صرف دو ووٹوں سے کامیاب قرار دیاتھا ۔وہ واحد شیوسینا کے کامیاب کارپوریٹر تھے ۔
جبکہ گزشتہ سال منعقدہ اسمبلی انتخابات میں شیوسینا نے انھیں ناندیڑحلقہ شمال سے اپنا امیدوار بنایاجس میں بھی وہ کامیاب ہوئے اور رکن اسمبلی بن گئے ۔
ایم ایل اے بننے کے بعدبھی کلیانکر نے کارپوریشن کی رکنیت سے استعفی نہیں دیا تھا۔ مگر دو ووٹوں سے شکست فاش ہوئے کانگریس کے امیدوار دنیش مورتالے نے کلیانکر کے انتخاب کو ناندیڑ کی دیوانی عدالت میں رٹ پٹیشن نمبر1/2017کے تحت چیلنج کیاتھا۔