ناندیڑ:گورکشک قتل معاملے میں چارافراد گرفتار‘27جون تک پی سی آر

ناندیڑ:23 /جون۔ ( ورقِ تازہ نیوز)کنوٹ تعلقہ کے شیونی پا راو پیٹھ میں 19 جون کی شب دیرگئے گﺅرکشک کو کچھ افراد نے قتل کردیاتھا جبکہ دیگر پانچ افراد زخمی بھی ہوئے تھے ۔جس کے بعد سارے ضلع و مہاراشٹرمیں ہلچل مچ گئی تھی اور ہندوتنظیموں نے سخت احتجاج کرتے ہوئے کئی مقامات پر بند منایااور مظاہرے کئے تھے ۔دریں اثناء اسلا پور پولیس اسٹیشن کی جانب سے گرفتار کئے گئے چارافراد کو کنوٹ کے فرسٹ کلاس مجسٹریٹ نے چار دن یعنی 27جون 2023ک پولیس ریمانڈ میں بھیج دیاہے۔

19جون کی شب ایک مشکوک گاڑی کاتعاقب کرنے اور پھر اسے روکنے پر نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے گﺅ رکشکوں پرحملہ کئے جانے کے بعد اس واقعہ میں شیکھر ریپلی اور اس کے ساتھی زخمی ہوگئے تھے۔ اس حملہ میں شیکھر کی موت واقع ہوگئی جبکہ دیگر پانچ زخمی ہوگئے تھے۔ اس کے بعد ہندو تنظیموں نے ناندیڑ شہر بند کااعلان کیاتھا لیکن پولس نے بروقت مداخلت کی اورمعاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش اور بند واپس لیاگیا۔اس جرم کی تفتیش کنوٹ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وجے ڈونگرے کو سونپی گئی ہے۔

پولیس نے اس معاملہ میں شیخ اسحاق چاند صاحب(45سال) ، مجاہد عرف مجّو شیخ اسحاق(22سال)، شیخ مزمل عرف مجو شیخ فیاض(22سال)،شیخ امیر شیخ علیم (30سال)تمام ساکنان اپّا راو پیٹھ تعلقہ کنوٹ کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں آج جمعہ کو کنوٹ عدالت میں پیش کیا۔ عدالت سے ان ملزمان کو پولیس تحویل میں دینے کی درخواست کی گئی۔ دونوں فریقین کے موقف کی سماعت کے بعد فرسٹ کلاس مجسٹریٹ نے چار دن یعنی 27جون 2023تک پولیس ریمانڈ میں دیدیاہے۔