ناندیڑ:گوداوری ندی میں ڈوبنے سے نوجوان محمد یونس کا انتقال

ناندیڑ:3اگست(ورق تازہ نیوز(ناندیڑ شہر کے گاڑی پورہ کے ساکن عبدالغنی شطاری القادری کے سب سے چھوٹے بھائی عبدالمبین کے بڑے فرزند نوجوان محمدیونس عمر 19 سال کی آج 3 اگست کو سہ پہرتین بجے گوداوری ندی میں تیراکی کے دوران ڈوب کر دردناک موت ہوگئی ۔

بتایاجا تا ہے کہ یونس آج سہ پہر عیدگاہ علاقہ میں اپنے نانی کے گھر گیاتھا۔اس وقت اسکے کچھ دوست اسی علاقہ میں گوداوری ندی میں تیراکی کررہے تھے انھوں نے یونس کوموبائل کرکے تیراکی کیلئے بلایا ا سلئے وہ بھی ندی پر پہنچ گیا ۔تیراکی کیلئے جیسے ہی ندی میںچھلانگ لگائی وہ ریت کیلئے کھودے گئے گہرے گڑھے میں چلاگیااور واپس اوپر نہیں آیا ۔

دوست کو ڈوبتا دیکھ کر دوسرے دوستوں نے اسے بچانے کی کافی کوشش کی لیکن ریت کی غیرقانونی نکاسی کیلئے کئے گئے گہرے گڑھے کی وجہہ سے وہ ڈوب گیا۔اسکی تلاش کیلئے فی الفور دیگر ماہرتیراک بھی گوداوری ندی کود پڑے اور یونس کی تلاش شروع کردی ۔تقریبا نصف گھنٹہ بعد اسکی نعش ہی انکے ہاتھ لگی ۔جیسے ہی گھر والوں کو یہ المناک خبر ملی اُن پر جیسے غم کاپہاڑٹوٹ پڑا ۔

یونس گھر کا بڑا لڑکاتھااور کچھ سالوںسے ائیرکنڈیشن کا کام کررہاتھااور ہرکوئی اسکے کام اور ایمانداری کی تعریف کرتاتھا ۔جب بھی کسی سے ملتا بہت خلوص و اخلاق سے ملتا۔یونس کے والدا ور والدہ کے علاوہ تمام افراد خاندان شدید صدمے میں ہے ۔آج شب تقریبا نو بجے یونس کی نماز جنازہ عیدگاہ علاقہ میں ادا کی گئی اور تدفین شب دس بجے مکہ مسجد چوک بازار سے متصل قبرستان میں عمل میں آئی۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ یونس کے گناہوں کامعاف فرمائے ‘لواحقین کوصبرجمیل دے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاءکرے آمین۔