ناندیڑمیں شیوسینکوں نے نارائن رانے کاپتلہ جلایا‘بی جے پی ورکرس بھی سڑکوں پراترے

ناندیڑ:24اگست۔ (ورق تازہ نیوز)ریاست کے وزیراعلیٰ اودھوٹھاکرے کے خلاف مرکزی وزیر نارائن رانے نے نازیبا الفاظ استعمال کئے تھے جس کے بعد ریاست بھر میں شیوسینکوں میںشدیدبرہمی پائی جاتی ہے اور اسی لئے آج مہاراشٹرمیں شیوسینکوں نے سڑکوں پراترکر نارائن رانے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔آج صبح ناندیڑ شہرو ضلع میںبھی شیوسینک سڑکوں پراترے ۔

ناندیڑشہر ‘اردھاپوراوردھرم آبادمیں رانے کے علامتی پتلے جلائے گئے رانے کی شدید مذمت کی۔آج ناندیڑشہرکے آئی ٹی آئی چوک میں شیوسینک جمع ہوئے ۔اس احتجاج کی قیادت سینا ضلع چیف دتاکوکاٹے اوررکن اسمبلی بالاجی کلیانکر نے کی ۔اس موقع پر شیوسینکوں نے مرغیاں بھی ساتھ لائی تھیں اور رانے کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔اس کے علاوہ رانے کی تصویر پرجوتے برسائے گئے ۔اس کے علاوہ رانے کو مرغی چورکہہ کر پکارا گیا ۔ پتلہ حراست میں لینے کے معاملے پر پولس اور شیوسینا میں جھڑپ بھی ہوئی۔مگر کسی طرح شیوسینکوں نے پتلاجلاکر رانے کی شدید مذمت کی۔اس کے بعد پولس نے آندولن کررہے شیوسینکوں کوحراست میں لیا ۔

دوسری جانب آج بی جے پی کے عہدیداران بھی سڑکوںپر اترے اور اپنے قائد و مرکزی وزیر نارائن رانے کے حق میں نعرہ بازی کی ۔اس موقع پرضلع صدر پروین سالے ‘ شیتل کھانڈیل‘دلیپ سنگھ سوڈی‘ نول پوکرنا کے علاوہ دیگر بی جے پی عہدیداران و ورکرس موجود تھے ۔آج کے احتجاج کے پیش نظر آئی ٹی آئی علاقہ میں پولس کا خصوصی بندوبست رکھاگیاتھااور یہ سارا علاقہ پولس چھاونی میںتبدیل ہوگیاتھا۔