نئے ایکسپریس ہائی وے سے مراٹھواڑہ کا نقشہ بدلے گا، ممبئی سے لاتور کا سفر صرف 4 گھنٹے میں…

وزیراعلیٰ کی اسمبلی میں اعلانات کی بارش

ممبئی / (ورق تازہ نیوز)ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس نے ناگپور، مراٹھواڑہ اور مغربی مہاراشٹر کے لیے ترقیاتی اعلانات کی جھڑی لگا دی۔ ان اعلانات سے ریاست کے مختلف خطوں کو کیا کیا فائدہ ہوگا، اس کی مکمل تفصیل پیش ہے۔

سرمائی اجلاس میں وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس نے اسمبلی میں حکومت کی پالیسی اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ اگرچہ اجلاس صرف ایک ہفتے پر محیط تھا اور سیاسی گہماگہمی کم رہی، تاہم وزیراعلیٰ نے کسانوں کی قرض معافی سے لے کر سرمایہ کاری اور بنیادی سہولتوں تک کئی اہم موضوعات پر حکومت کا واضح مؤقف رکھا۔

مہاراشٹر اب نہیں رکے گا

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئی حکومت کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے اور مہایوتی کے تینوں قائدین مل کر فیصلے کر رہے ہیں۔ کئی برسوں سے بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے مقامی کارکنان مایوس تھے، مگر اب بلدیاتی، میونسپل کارپوریشن اور ضلع پریشد کے انتخابات کرائے جائیں گے تاکہ جمہوریت نچلی سطح تک مضبوط ہو۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی مشکلات کو پیچھے چھوڑ کر اب مہاراشٹر ترقی کے راستے پر تیزی سے آگے بڑھے گا۔ حکومت کا ایجنڈا صرف ترقی ہے اور ’’امرت مہوتسوی مہاراشٹر‘‘ کی تعمیر ہمارا ہدف ہے۔

کوئی بھی اسکیم بند نہیں ہوگی

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ انتخابات کے بعد کوئی بھی فلاحی یا ترقیاتی اسکیم بند نہیں کی جائے گی۔ تمام اسکیمیں آئندہ پانچ برس تک جاری رہیں گی۔ حکومت نے مہاراشٹر کی ترقی کے لیے وژن ڈاکیومنٹ تیار کیا ہے جس میں 2030، 2035 اور 2047 کے اہداف طے کیے گئے ہیں۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ 2029-30 تک مہاراشٹر ملک کی پہلی ٹریلین ڈالر اکانومی بنے گا۔

مضبوط معیشت، سرمایہ کاری میں برتری

وزیراعلیٰ کے مطابق مہاراشٹر ان تین ریاستوں میں شامل ہے جہاں قرض کا بوجھ 20 فیصد سے کم ہے۔ مالی خسارہ 3 فیصد کے اندر رکھا گیا ہے، حالانکہ ’’لاڈکی بہن‘‘ اور کسانوں کے لیے مالی امداد جاری ہے۔
داووس میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں 15 لاکھ کروڑ روپے کے معاہدے ہوئے، جن میں سے 5 لاکھ کروڑ روپے صرف ودربھ کے لیے تھے۔ مجموعی طور پر 13.75 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے 7 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ایف ڈی آئی میں مہاراشٹر ملک بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔

مراٹھواڑہ بنے گا EV کیپٹل

مراٹھواڑہ کو الیکٹرک وہیکل (EV) کیپٹل کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ یہاں 50 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری اور 30 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ٹویوٹا، اسکوڈا جیسے عالمی برانڈز مراٹھواڑہ میں آ رہے ہیں۔
ودربھ میں اسٹیل اور گیسفیکیشن کے شعبے میں بھی بھاری سرمایہ کاری ہوئی ہے، جبکہ میہان (ناگپور) ملک کے بڑے آئی ٹی مراکز میں شامل ہو چکا ہے۔

کسانوں کے لیے براہِ راست امداد

حکومت نے گزشتہ تین برسوں میں 1.20 لاکھ سرکاری نوکریاں فراہم کی ہیں اور آئندہ دو برسوں میں اتنی ہی بھرتی کی جائے گی۔
کسانوں کے لیے 32 ہزار کروڑ روپے کا پیکیج منظور کیا گیا ہے، جس میں بنیادی ڈھانچے، نریگا اور براہِ راست مالی امداد شامل ہے۔ اب تک 15 ہزار کروڑ روپے براہِ راست کسانوں کے کھاتوں میں منتقل کیے جا چکے ہیں، جس سے 90 لاکھ سے زائد کسان مستفید ہوئے ہیں۔

قرض معافی کا وعدہ

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسانوں کی قرض معافی ضرور کی جائے گی، لیکن اس کا فائدہ بینکوں کو نہیں بلکہ کسانوں کو ملنا چاہیے۔ اس سلسلے میں ایک کمیٹی کام کر رہی ہے اور یکم جولائی تک تمام فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا۔

نئے ایکسپریس ویز اور کوریڈور

ناگپور-گوندیا ایکسپریس وے کو سمردھی مہامارگ سے جوڑا جا رہا ہے۔ گڑھچرولی اور چندرپور کے لیے الگ کوریڈور بنایا جائے گا۔ ناگپور-گوا شکتی پیٹھ ہائی وے سے مراٹھواڑہ کو بڑا فائدہ ہوگا اور 32 اضلاع کو بہتر کنیکٹیویٹی ملے گی۔

لاتور سے ممبئی صرف 4 گھنٹے میں

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ نئے ہائی وے کی بدولت لاتور سے ممبئی کا سفر صرف ساڑھے چار نہیں بلکہ چار گھنٹے میں ممکن ہوگا۔ 450 کلومیٹر طویل اس ہائی وے پر 36 ہزار کروڑ روپے لاگت آئے گی، جو تھانے، پونے، بیڑ، اہلیانگر اور لاتور کو جوڑے گا۔
بدلاپور کے قریب ٹنل کے ذریعے 15 منٹ میں اٹل سیतु پہنچا جا سکے گا، جس سے ممبئی، نوی ممبئی ایئرپورٹ اور وردھون بندرگاہ تک رسائی آسان ہوگی۔

ہوابازی کے شعبے میں بھی بڑا قدم

گڑھچرولی میں نیا ہوائی اڈہ شروع کیا جا رہا ہے۔ امراوتی میں پائلٹ ٹریننگ سینٹر قائم ہوگا، جہاں سے 10 ہزار پائلٹس تیار کیے جائیں گے۔ حکومت آئندہ دنوں میں ایک ہزار نئی فلائٹس شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

وزیراعلیٰ کے ان اعلانات سے واضح ہے کہ مہاراشٹر میں بنیادی ڈھانچے، سرمایہ کاری، زراعت اور روزگار کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آنے والی ہے، جو ریاست کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading