مہاراشٹر میں کورونا متاثرین 1.92لاکھ سے زیادہ، ایک لاکھ سے زیادہ صحت یاب ہوئے

Screenshot_20200618_235157.JPGممبئی، 3جولائی (یو این ائی) ملک میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں دن بدن حالات خطرناک ہوتے جارہے ہیں اور گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 6364نئے معاملے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد جمعہ کو بڑھ کر 1.92لاکھ سے زیادہ ہوگئی، جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی ایک لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے۔


سرکاری ذرائع کے مطابق ریاست میں اب تک 192990لوگ اس بیماری کی زد میں آئے ہیں۔ وہیں اس دوران 198مزید لوگوں کی اس سے موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 8376ہوگئی ہے۔ اس دوران ریاست میں 3515لوگ اس بیماری سے نجات پاچکے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 104687ہوگئی ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح 54.24 فیصد ہوگئی ہے جبکہ مرنے والوں کی شرح محض 4.34فیصد ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاست میں مجموعی فعال معاملات کی تعداد 79911ہے جن کا مختلف اسپتالوں میں علاج کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ مہاراشٹر پورے ملک میں کورونا انفیکشن اور موت کے معاملے پہلے نمبر پر ہے۔