مہاراشٹر سیاسی ہلچل LIVE: این سی پی قانون ساز پارٹی لیڈر کے عہدہ سے اجیت پوار برطرف

اجیت پوار کو این سی پی قانون ساز پارٹی لیڈر عہدہ سے برطرف کیا گیا!

میڈیا ذرائع کے مطابق این سی پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر اجیت پوار کو اس عہدہ سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ فیصلہ این سی پی سربراہ شرد پوار اور پارٹی لیڈروں کی ایک میٹنگ کے دوران لیا گیا۔ اجیت پوار پر این سی پی نے الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے پارٹی کو دھوکہ دیتے ہوئے بی جے پی کو حمایت دینے کا اعلان کیا جس سے ریاست میں بی جے پی کی حکومت بن گئی۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے قبل کانگریس-شیوسینا-این سی پی لیڈروں کی میٹنگ شروع

ممبئی کے وائی بی چوہان آڈیٹوریم میں کانگریس، شیوسینا اور این سی پی کے سرکردہ لیڈران پہنچ چکے ہیں اور میٹنگ شروع ہو چکی ہے۔ کانگریس لیڈران ملکارجن کھڑگے اور وینو گوپال راؤ تو یہاں موجود ہیں ہی، این سی پی سربراہ شرد پوار اور سپریا سولے بھی موجود ہیں۔ شیوسینا کی جانب سے ادھو ٹھاکرے خود اس میٹنگ میں شریک ہونے پہنچے ہیں اور این سی پی لیڈر و شرد پوار کی بیٹی سپریا سولے نے بطور خاص باہر آ کر ان کا استقبال کیا اور آڈیٹوریم کے اندر لے گئیں۔

دھوکے سے بنائی گئی حکومت کو اسمبلی میں شکست ملے گی: نواب ملک

این سی پی کے قومی ترجمان نواب ملک نے مہاراشٹر میں بی جے پی کی حکومت سازی کو دھوکے کی حکومت قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ این سی پی کے سبھی اراکین اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں اور اسمبلی میں اس حکومت کو شکست ملے گی۔ نواب ملک کا یہ بھی کہنا ہے کہ این سی پی کے سبھی اراکین اسمبلی کی حاضری دیکھنے کے مقصد سے لیے گئے دستخط کو اجیت پوار نے اراکین اسمبلی کی حمایت کہتے ہوئے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے حوالے کیا ہے، اور یہ دھوکہ ہے۔

کانگریس نے ممبئی پارٹی دفتر میں بلائی ہنگامی میٹنگ

مہاراشٹر میں سیاسی ہنگامے کے درمیان کانگریس پارٹی نے اپنے لیڈروں کی ایک میٹنگ ممبئی واقع پارٹی دفتر میں طلب کی ہے۔ اس میٹنگ میں سینئر کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے اور کے سی وینوگوپال بھی موجود رہیں گے۔

این سی پی سربراہ شرد پوار اور شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے 12.30 بجے کریں گے پریس کانفرنس

مہاراشٹر میں جو کچھ ہو رہا ہے اس سے سبھی حیران ہیں، اور راتوں رات اجیت پوار کے ذریعہ بی جے پی کو حمایت دینے کے فیصلہ نے این سی پی سربراہ شرد پوار کو زبردست جھٹکا دیا ہے۔ شیوسینا لیڈران بھی اجیت پوار کے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے سے حیرت میں ہیں۔ اب این سی پی سربراہ شرد پوار اور شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے 12.30 بجے میڈیا سے روبرو ہوں گے تاکہ چیزوں کو واضح کیا جا سکے اور آگے کیا کچھ ہو سکتا ہے، اس پر بھی اپنا رد عمل دیں گے۔

170 اراکین اسمبلی ہمارے ساتھ، ہم اپنی اکثریت ثابت کریں گے: بی جے پی لیڈر گریش مہاجن

بی جے پی لیڈر گریش مہاجن نے میڈیا سے کہا ہے کہ ’’ہم اپنی اکثریت ثابت کریں گے کیونکہ ہمیں 170 اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اجیت پوار نے گورنر کو جو خط دیا ہے اس میں این سی پی اراکین اسمبلی کی حمایت کا دعویٰ دیا گیا ہے اور چونکہ اجیت پوار این سی پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ سبھی این سی پی اراکین اسمبلی کی حمایت بی جے پی کو مل رہی ہے۔‘‘

اجیت پوار نے مہاراشٹر کی عوام سے دھوکہ کیا، شرد پوار کا اس سے کوئی تعلق نہیں: سنجے راؤت

سنجے راؤت نے مہاراشٹر میں نئے سیاسی ماحول کے پیش نظر ایک پریس کانفرنس کیا جس میں انھوں نے کہا کہ اجیت پوار نے بی جے پی سے ہاتھ ملا کر شرد پوار، ریاستی عوام اور چھترپتی شیواجی مہاراج کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ سنجے راؤت نے کہا کہ رات تک اجیت پوار میٹنگ میں ہمارے ساتھ تھے اور پھر صبح جا کر نائب وزیر اعلیٰ کا حلف لے لیا، انھوں نے پاپ کیا ہے۔

سنجے راؤت نے مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری پر بھی انگلی اٹھائی اور کہا کہ میں جانتا ہوں کہ وہ آر ایس ایس سے آئے ہیں اور امید تھی کہ وہ اخلاقیات کا دامن نہیں چھوڑیں گے، لیکن رات کی تاریکی میں جس طرح کے کھیل کو انھوں نے فروغ دیا، وہ ناقابل یقین ہے۔

مہاراشٹر میں سیاسی اتھل پتھل کے درمیان شرد پوار نے کہا ’بی جے پی کی حمایت کا فیصلہ میرا نہیں‘

ایک طرف این سی پی لیڈر اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا ہے اور دوسری طرف شرد پوار نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کر کے حکومت بنانے کا فیصلہ ان کا نہیں ہے۔ شرد پوار نے یہ بھی کہا کہ یہ پوری طرح سے اجیت پوار کا فیصلہ ہے اور اس طرح کے فیصلے کی ہم قطعی حمایت نہیں کرتے۔

پی ایم مودی اور امت شاہ نے دیویندر فڑنویس کو دی مبارکباد

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا حلف لینے کے بعد دیویندر فڑنویس کو مبارکبادیاں ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ پی ایم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے فڑنویس کے وزیر اعلیٰ بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ عوام کے حق میں کام کریں گے۔ پی ایم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’دیویندر فڑنویس جی اور اجیت پوار جی کو بالترتیب وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے پر مبارکباد۔ مجھے یقین ہے کہ وہ مہاراشٹر کے روشن مستقبل کے لیے لگن سے کام کریں گے۔‘‘ امت شاہ نے بھی فڑنویس کے ساتھ ساتھ این سی پی لیڈر اجیت پوار کو نائب وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد دی۔

مہاراشٹر کی سیاست نے لی کروٹ، فڑنویس پھر بنے وزیر اعلیٰ

مہاراشٹر کی سیاست نے ایک زبردست کروٹ اس وقت لی جب بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا۔ این سی پی لیڈر اجیت پوار نے بطور نائب وزیر اعلیٰ حلف لیا۔ اس نئے سیاسی ماحول نے شیوسینا کو زبردست جھٹکا پہنچایا ہے جو جمعہ تک پورے پانچ سال کے لیے اپنا وزیر اعلیٰ بنانے کا دعویٰ کر رہی تھی۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading