مودی کو کلین چٹ‘ذکیہ جعفری کی درخواستسپریم کورٹ میں چار ہفتوں بعد سماعت مقرر

نئی دہلی 15 جنوری۔سپریم کورٹ نے آج کہاکہ 2002 ءکے گودھرا فسادات کے ضمن میں اُس وقت کے چیف منسٹر نریندر مودی کو خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی کلین چٹ کو چیلنج کرتے ہوئے ذکیہ جعفری کی طرف سے دائر کردہ درخواست کی چار ہفتوں کے بعد سماعت کی جائے گی۔ ذکیہ جعفری کے شوہر احسان جعفری سابق ایم پی احمدآباد کی گلبرگ سوسائٹی کے ہولناک فساد میں ہلاک ہونے والے 68 مہلوکین میں شامل تھے۔ احسان جعفری کو فسادیوں نے زندہ جلادیا تھا۔ ذکیہ جعفری نے گجرات ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے جس میں ایس آئی ٹی کے خلاف ان کی درخواست کو مسترد کردیا گیا تھا۔ جسٹس اے ایم کھانویلکر اور جسٹس اجئے رستوگی کی بنچ پر اس مقدمہ کی سماعت ہورہی ہے۔ ذکیہ جعفری کے وکیل نے عدالت عظمیٰ سے درخواست کی کہ اس مسئلہ پر نوٹس جاری کی جائے کیوں کہ یہ 27فروری 2002 اور مئی 2002 ءکے دوران ایک مبینہ ’بڑی سازش‘ سے تعلق رکھتا ہے۔ بنچ نے کہاکہ ’آپ چار ہفتوں کا وقت طلب کررہے ہیں؟ ہم آپ کو چار ہفتے دے رہے ہیں۔ اس عدالت نے پہلے کہا تھا کہ ذکیہ کی درخواست میں معاون درخواست گذار بننے کے لئے سماجی کارکن تیستا سیتلواد کی درخواست پر بھی غور کیا جائے گا۔

Leave a comment