ممبئی ،10جون(ایجنسیز) ممبئی میں سخت گرمی سے شہریوں کو نجات ملنے کی امید ہے ،کیونکہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی عروس البلاد ،پڑوسی تھانے اور رائے گڑھ میں تیز ہواﺅں کے ساتھ پیر کی شب اور منگل کو تیز طوفانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ یہ بارش بجلی کی چمک اور گھن گرج سے ہوسکتی ہے ، گجرات میں بھی طوفان کاالرٹ دے دیا گیا ہے۔آج کی بارش بحرعرب میں طغیانی کا نتیجہ ہے۔
اتوار کی شب ممبئی کے کئی حصوںمیں گھن گرج کے ساتھ تیز بارش ہوئی ،لیکن مضافاتی علاقوںمیں گرمی کا قہر جاری رہا ۔کئی موقعوں پر بجلی کی چمک اوربادلوں کی گھن گرج سے لو گ محظوظ ہوئے ،ودربھ،مراٹھواڑہ اور شمالی مہاراشٹر میں مانسون سے قبل بارش ہوچکی ہے ڈلیکن کیرالا میں پہنچنے کے بعد مانسون کے مزید چار پانچ دن میں ممبئی اور کوکن میں پہنچنے کی امید ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہمیشہ مانسون ممبئی میں 10جون کو پہنچ جاتا ہے اور ستمبر کے آخر تک رہتا ہے ،لیکن امسال اس میں تاخیر ہوچکی ہے۔گزشتہ سال بھی بارش کا سلسلہ جولائی میںہی ختم ہوگیا تھا ۔امسال مانسون کی آمد میں تاخیر کی بات کہی جارہی ہے ،لیکن کہا جارہا ہے کہ اوسط بارش ہوگی۔