مدھیہ پردیش میں وندے ماترم گانے کا نیا نظم

بھوپال،3 جنوری ۔ مدھیہ پردیش میں کانگریس حکومت نے اب وندے ماترم گانے کا نیا نظم کیا ہے اور کہا ہے کہ بھوپال میں اب مزید دلکش طریقے سے پولیس بینڈ اور عام لوگوں کی شراکت داری سے وندے ماترم گایا جائے گا۔مدھیہ پردیش محکمہ رابطہ¿ عامہ کی ٹویٹ کے مطابق راجدھانی بھوپال میں اب دلکش طریقے سے پولیس بینڈ اور عام لوگوں کی شراکت سے وندے ماترم گایا جائے گا۔ ہر مہینے کے پہلے کام کے دن صبح 11:45 بجے پولیس بینڈ حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنے والے دھن میں بجاتے ہوئے مقامی شوریہ اسمارک سے وازرت تک مارچ کریں گے ۔اس کے ساتھ ہی پولیس بینڈ کے وزارت کے احاطے میں داخل ہونے پر قوی ترانہ ’جن گن من’ اور قومی نغمہ ‘وندے ماترم’ گایا جائے گا۔ اس پروگرام کو دلچسپ بنا کر عوام کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ وہ بھی اس میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔ ریاست میں 13 سال سے ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو مقامی وزارت کے احاطے میں افسران اور اہلکاروں کی موجودگی میں وندے ماترم گایا جاتا تھا۔ اس مہینے کی پہلی تاریخ کو وزارت کے احاطے میں یہ نہ گائے جانے کے سبب ایک نیا سیاسی تنازعہ پیدا ہو گیا تھا۔ بی جے پی نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کانگریس کی نو منتخب حکومت پر الزام تراشی کی تھی۔بی جے پی کی مخالفت کے درمیان وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کا بیان سامنے آیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مہینے کی پہلی تاریخ کو وزارت میں وندے ماترکے گائے جانے کے پروگرام کو نئے شکل میں لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

Leave a comment