چترا،جھارکھنڈ ۔ جھارکھنڈ ریاست کے چترا سے تعلق رکھنے والے قیصر رضا کو جھارکھنڈ پبلک سروس کمیشن کے فائنل امتحان میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ان کا رینک160 ہے۔ اس مشکل امتحان میں کامیابی حاصل کر کےقیصر رضا نے نہ صرف ملک وملت کا نام روشن کیا بلکہ یہ ثابت کر دیا ہے کہ سچی لگن، مضبوط قوت ارادی اور محنت کامیابی کی کنجی ہے۔
قیصر رضا مصباحی ان تمام نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں جواپنے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں اور دور دراز کے چھوٹے چھوٹے مقامات پرمحدود وسائل کے باوجود سول سروسز جیسے امتحانات میں کامیابی کے لیے جی توڑ محنت کر رہے ہیں۔ JPSC جیسے امتحانات میں جہاں لاکھوں لوگ قسمت آزمائی کرتے ہیں اور کچھ ہی لوگ کامیابی حاصل کرپاتے ہیں۔ قیصر نے مدرسہ الجامعتہ الاشرفیہ، مبارک پور سے فراغت کے بعد دہلی یونیورسٹی کے کروڑی مل کالج سے اردو میں بی اے اور ایم اے کی سند حاصل کی۔ بی اے سے ہی سول سروسز امتحانات میں کامیابی حاصل کرنا ان کا خواب تھا۔ ان کی کامیابی سے مدارس کے ان لاکھوں طلبا کو حوصلہ ملا ہے جو سول سروسیز امتحانات میں قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
