مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی مفتی اسماعیل کے خلاف ہائی کورٹ میں عرضداشت دائر

آصف شیخ رشید نے رکنیت باطل قرار دینے کاطالبہ کیا

مالیگاؤں :(پریس ریلیز/زاہد بیباک )مالیگائوں کی سیاست میں پھر ایک بار سنسنی خیز خبر ممبئی سے حافظ انیس اظہر نے فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مالیگائوں سینٹرل حلقۂ اسمبلی نمبر 114 میں اسمبلی الیکشن کے ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد سے حزب مخالف مجلس اتحادُ المسلمین کے اُمیدوار مفتی محمد اسمٰعیل نے جھوٹ ، دروغ گوئی ، بہتان اور الزام تراشیوں کے چلتے سیاسی اسٹیج سے عوام کو گمراہ کیا تو وہیں اِسی سیاسی اسٹیج اور الیکشن تشہیری مہم میں مذہب کا استعمال کر مذہبی جذبات بھڑکا کر رائے عامہ ہموار کرنے کی کوشش کی اور بالآخر انہوں نے کامیابی حاصل کر لی ۔

اُن کی اِس جھوٹ ، گمراہ کن اور مذہبی جذباتی سیاست کے خلاف کانگریس پارٹی کے اُمیدوار سابق ایم ایل اے شیخ آصف شیخ رشید نے ممبئی ہائی کورٹ میں 1950ء اور 1951ء کے عوامی نمائندہ قانون کے تحت ممبئی ہائی کورٹ میں ایک پٹیشن داخل کی ہے جس کا نمبر EP/23/2019 بتایا گیا ہے ۔کانگریس ترجمان حافظ انیس اظہر نے معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ عرضی گزار شیخ آصف شیخ رشید نے اپنے وکیل ایڈوکیٹ بھوشن آر منڈلک ، ایڈوکیٹ سچن ، ایڈوکیٹ سرسوتی ، ایڈوکیٹ پٹوردھن کے توسط سے مفتی محمد اسمٰعیل عبدالخالق (مجلس اتحادُ المسلمین کے خلاف پٹیشن داخل کی ہے ، عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ ایم ایل اے مفتی محمد اسمٰعیل نے دورانِ الیکشن اپنے سیاسی اسٹیج سے مذہبی شبیہہ کا بھرپور فائدہ اُٹھایا ، اور سیاسی اسٹیج سے مذہب کا سہارا لے کر ووٹ طلب کی گئی ۔

مفتی اسمعیل کے حق میں خواتین کے اجتماعات (مذہبی تقریبات ) منعقد کرتے ہوئے ووٹ طلب کی گئی ۔ سیاسی تشہیری جلسوں میں یزیدی اور حسینی کےنام سے مذہبی جذبات بھڑکائے گئے ، ایک مسلم اُمیدوار دوسرے مسلم اُمیدوار کے خلاف ہم 313 والے ہیں ، ہم 72والے ہیں ، ہم حسینی ہیں ، تم یزید ی ہو ، رمضان کی زکوٰۃ کے طور پر ووٹ دے دو ، فطرہ کے طور پر ووٹ دے دو ، جیسے اَن گنت آڈیو ، ویڈیو اور تحریری ثبوت و شواہدعدالت میں آصف شیخ نے پٹیشن کے ساتھ داخل کئے ہیں۔ آصف شیخ رشید نے عدالت کو بتایا کہ 95% مسلم رائے دہندگان کے سینٹرل حلقہ اسمبلی نمبر 114 میں مذہب کے ساتھ ساتھ ذات پات ، برادری واد اور عصبیت کا سہارا لے کر سیاسی اسٹیج سے تقاریر کی گئی اور رائے دہندگان کے جذبات کو بھڑکایا گیا اور غلط طریقے سے کامیابی حاصل کی گئی ۔ آصف شیخ رشید نے عدالت سے یہ بھی گزارش کی کہ ہندوستانی جمہوری ملک کے عوامی نمائندہ قانون کے تحت سیاست میں ذات پات ، جھوٹ اور مذہبی جذبات بھڑکا کر الیکشن لڑنا منع قرار دیا گیا ہےا س کے باوجود بھی موجودہ ایم ایل اے آل انڈیا مجلس اتحادُ المسلمین کے مفتی اسمٰعیل نے وہ سب کچھ کیا جس کی قانون اجازت نہیں دیتا ، اس لئےمعززہائی کورٹ جلد از جلد مفتی محمد اسمٰعیل کے الیکشن کو ردّ کرتے ہوئے اُن کی رکنیت کو باطل قرار دے ۔ آصف شیخ نے عدالت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بطور ایم ایل اے مفتی اسمٰعیل کو مہاراشٹر لجسلیٹیو اسمبلی کی رُکنیت سے معطل کیا جائے اس کے علاوہ مہاراشٹر لجسلیٹیو اسمبلی کے نمائندہ کو دی جانے والی تمام سہولیات فوری طور پر روک دی جائے اور خود مالیگائوں سینٹرل حلقہ میں انہیں دئیے گئے ایم ایل اے کے حقوق ختم کردئیے جائیں ۔ اِتنا ہی نہیں آصف شیخ رشید نے عدالت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ عدالت مذکورہ ایم ایل اے مفتی محمد اسمٰعیل کو اس بات کا پابند بنائے کہ وہ مستقبل میں مذہبی جذبات اور جھوٹ ، دروغ گوئی کا سہارا لے کر الیکشن نہ لڑیں ، اس کے علاوہ آصف شیخ رشید نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ مفتی اسمٰعیل کی رُکنیت ختم کرتے ہوئے اُن کے الیکشن کو باطل قرار دیں اور دو نمبر کے اُمیدوار کو ایم ایل اے ظاہر کیا جائے ۔ آصف شیخ رشید نے 589صفحات پر جو پٹیشن دائر کی ہے انہوں نے مفتی محمد اسمٰعیل سمیت چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ساتھ ساتھ پرانت آفیسر مالیگائوں سینٹرل حلقہ نمبر 114کو بھی پارٹی بنایا ہے ۔ اسی طرح اِس کیس میں آصف شیخ رشید نے باقی سبھی 12 مد مقابل اُمیدواروں کو بھی پارٹی بنایا ہے ۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading