لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو نوازشریف کی گرفتاری کا وارنٹ ملا

لندن 18 ستمبر(یواین آئی)پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف کی گرفتاری کا وارنٹ یہاں واقع پاکستانی ہائی کمیشن کو مل گیا ہے۔حکومت پاکستان نے یہ گرفتاری وارنٹ بھیجا ہے۔
دراصل العزیزیہ اورایون فیلڈ کیس کے سلسلے میں عدالت میں سماعت اور ذاتی پیشی سے رعایت پانے کی مسٹر نوازشریف کی درخواستوں کو خارج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسٹر شریف کے خلاف غیرضمانتی گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے۔اگرچہ ہائی کمیشن نے اس واقعہ پر کوئی سرکاری ردعمل ظاہرنہیں کیا ہے لیکن اخبار’دی ڈان‘نے غیرمصدقہ ذرائع کے حوالے سے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مسٹر شریف کی گرفتاری سے متعلق کاغذات مل گئے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے اسسٹنٹ رجسٹرار نے جمعرات کو پاکستان کے سکریٹری خارجہ کو یہ یقینی بنانے کو کہا کہ مسٹر شریف کو 22 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔اس خط میں اسسٹنٹ رجسٹرار نے یہ بھی کہا کہ 22 ستمبر کے علاوہ انہیں ایسی کسی بھی تاریخ پر عدالت میں آنا پڑے گا جو مقرر کی جائے گی۔پاکستان مسلم لیگ کے لیڈر مسٹر شریف نومبر 2019میں طبی بنیاد پر عدالت سے ضمانت منظور کرواکر برطانیہ آئے تھے۔ڈاکٹروں کے مطابق وہ انتہائی پیچیدہ دل کی بیماری سے متاثر ہیں اور ایک دیگر مدافعتی سے وابستہ بیماری میں بھی مبتلا ہیں جس کی وجہ سے ان کے خون میں پلیٹ لیٹس کی تعداد کم ہوکر خطرناک سطح تک پہنچ جاتی ہے۔اسی معاملہ میں مسٹر شریف کے وکیلوں نے گزشتہ ہفتہ لاہور ہائی کورٹ میں ایک میڈیکل رپورٹ جمع کرائی تھی جس میں ڈاکٹروں کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ وہ ہائی بلڈ پریشر،دل کی بیماریوں۔ذیابیطس اور گردوں کی سنگین بیماریوں سے جوجھ رہے ہیں اور کورونا جیسی وبا کے سبب ان کے لیے سفر کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ان کے وکیلوں نے یہ بھی بتایا کہ کووڈ وبا کے سبب ان کا علاج روک دیا گیا تھا اور اب یہ دوبارہ شروع ہوگا۔