اسلام آباد، 16 جنوری (یو این آئی) لاہور ہائی کورٹ نے واٹس ایپ گروپ میں قرآن پاک کا تحریف شدہ نسخہ شیئر کرنے کے الزام میں تین افراد کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے ۔ میڈیا نے اتوار کے روز یہ اطلاع دی ۔پاکستان کے ڈان اخبار کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور کے سائبر کرائم ونگ نے محمد عرفان کی شکایت پر ایک معاملہ درج کیا تھا ۔
شکایت میں کہا گیا کہ محمود اقبال ہاشمی، شیراز احمد اور دیگران نے احمدی فرقے کے عقیدے کی تبلیغ کے لیے ’سندھ سلامت‘ کے نام سے ایک واٹس ایپ گروپ بنایا تھا ۔ شکایت کنندہ نے بتایا کہ ملزمان نے اسے گروپ میں شامل کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے میں کامیاب رہا۔ اس نے اپنی شکایت میں اسکرین شاٹس چسپاں کئے ہیں ۔
تفتیش کے بعد ایجنسی نے ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ اس کے بعد انہوں نے سیشن کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی لیکن ان کی درخواست عدالت نے مسترد کر دی ۔