ناندیڑ (ورق تازہ نیوز) – ریاست میں بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ پیش گوئی کے مطابق 21 سے 24 ستمبر کے دوران مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ بعض اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا بھی انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
21 ستمبر کا تفصیلی موسمیاتی اندازہ
محکمہ موسمیات کے مطابق 21 ستمبر کو جنوبی کونکن اور گوا کے ساتھ جنوبی وسطی مہاراشٹر کے اضلاع میں بعض مقامات پر بجلی کی گھن گرج کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسی روز شمالی کونکن، شمالی وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے اضلاع میں بھی بعض مقامات پر بجلی کی گھن گرج کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں سے بارش اور گرج چمک کے دوران احتیاط برتنے اور غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔