نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی ’ادے پور فائلز‘ نامی متنازعہ ہندی فلم کی نمائش رکوانے کے لئے جو قانونی جدوجہد کر رہے ہیں، اس سے متعلق آج سپریم کورٹ آف انڈیا میں سماعت عمل میں آئی۔ سماعت کے دوران عدالت نے فلم کی ریلیز کی حمایت اور مخالفت میں داخل تمام عرضداشتوں پر دہلی ہائی کورٹ میں سماعت کیے جانے کا حکم جاری کیا۔
آج دوران سماعت سپریم کورٹ کی 2 رکنی بنچ، جو جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئی مالیا باگچی پر مشتمل تھی، کے سامنے مولانا ارشد مدنی کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے کہا کہ سنٹرل بورڈ آف سرٹیفیکیشن نے مولانا ارشد مدنی کی عرضداشت پر سماعت کرنے کے بعد حکم جاری کیا ہے۔ کپل سبل نے مزید کہا کہ انہیں سی بی ایف سی کی جانب سے فلم کے چند سین حذف کر کے فلم کی ریلیز کی اجازت دینے پر اعتراض ہے کیونکہ پوری فلم ہی ناقابل نمائش ہے۔
آج کپل سبل نے ایک بار پھر عدالت سے کہا کہ انہوں نے یہ فلم دیکھی ہے اور فلم میں ایک مخصوص فرقے کے خلاف نفرت آمیز مناظر دکھائے گئے ہیں۔ سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے عدالت سے گزارش کی کہ عدالت ان تمام عرضداشتوں کو دہلی ہائی کورٹ کو منتقل کر سکتی ہے۔ منسٹری آف براڈ کاسٹنگ کے فیصلے کو ہم وہاں چیلنج کریں گے۔ فلم پروڈیوسر کی نمائندگی کرنے والے وکیل گورو بھاٹیا نے کہا کہ یہ جو عدالت میں ہو رہا ہے، نہایت عجیب ہے۔ ماضی میں کبھی ایسا نہیں ہوا ہے۔ میں اپنی درخواست واپس لیتا ہوں لیکن مولانا ارشد مدنی فلم پر اسٹے کی گزارش کیسے کر سکتے ہیں۔ ہمارے پاس فلم کو ریلیز کرنے کا قانونی جواز ہے، یعنی کہ سرٹیفکٹ ہے۔ ہم بھی ہائی کورٹ جانے کو تیار ہیں لیکن فلم کی ریلیز نہیں رکنی چاہئے۔
گورو بھاٹیا نے عدالت سے یہ بھی کہا کہ ’کیرالا فائلز‘ کے معاملے میں سپریم کورٹ نے اسٹے نہیں دیا تھا۔ اس پر کپل سبل نے عدالت کو بتایا کہ کیرالا فائلز اور دوسر ے معاملات میں فلم کی ریلیز سے قبل فلم کسی نے دیکھی نہیں تھی۔ دہلی ہائی کورٹ کے حکم پر اس فلم کو ہم نے دیکھا ہے اور یہ پوری فلم ہی ریلیز کے قابل نہیں ہے۔ ہم دہلی ہائی کورٹ جانے کو تیار ہیں بشرطیکہ پروڈیوسر اس فلم کو ریلیز نہیں کرے گا۔ کپل سبل نے عدالت کو مزید بتایا کہ سپریم کورٹ کی تاریخ رہی ہے کہ فلم ریلیز ہونے کے بعد اس پر پابندی لگائی نہیں گئی۔ لہذا فلم کی ریلیز سے قبل ہی یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا یہ فلم ریلیز ہونے کے لائق ہے یا نہیں۔ جسٹس سوریہ کانت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عدالت فلم کے تعلق سے اپنا نظریہ ظاہر کیے بغیر ان تمام عرضداشتوں کو دہلی ہائی کورٹ منتقل کرنے کا حکم دیتی ہے۔