ناندیڑ:14/ جون۔( ورق تازہ نیوز)ناندیڑ کے گنجان آباد علاقے دیگلور ناکہ میں بجلی کا بحران دن بہ دن سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ تقریباً 50 سے 60 ہزار کی آبادی پر مشتمل یہ علاقہ بار بار بجلی کی طویل بندش اور کم وولٹیج کے مسئلے سے دوچار ہے، جس کے باعث عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ شدید گرمی کے موسم میں گھروں، دکانوں، تعلیمی اداروں اور چھوٹے کاروباروں کو بھاری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے بجلی محکمہ (مہاوترن) کی ناقص کارکردگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ شکایات کے باوجود مسئلہ حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب بل وصول کرنے کی بات آتی ہے تو محکمہ پوری سختی دکھاتا ہے، لیکن بنیادی سہولت فراہم کرنے کے معاملے میں مکمل لاپرواہی برتی جاتی ہے۔
شہریوں نے مقامی کارپوریٹرس، رکن اسمبلی (ایم ایل اے) اور رکن پارلیمان (ایم پی) کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دوران بڑے بڑے وعدے کرنے والے عوامی نمائندے آج عوامی مسائل پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ دیگلور ناکہ جیسے اہم اور بڑی آبادی والے علاقے میں بجلی کا بحران پیدا ہونا انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
علاقہ مکینوں نے انتباہ دیا ہے کہ اگر بجلی کی سپلائی فوری طور پر بحال نہ کی گئی اور مستقل حل کے لیے ٹھوس اقدامات نہ کیے گئے تو بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری بجلی محکمہ اور متعلقہ عوامی نمائندوں پر عائد ہوگی۔
شہریوں نے ریاستی وزیر توانائی، ضلع انتظامیہ، ایم ایل اے، ایم پی اور میونسپل کارپوریشن کے ذمہ داران سے فوری مداخلت کرتے ہوئے دیگلور ناکہ کے ہزاروں شہریوں کو اس سنگین بحران سے نجات دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔