ناندیڑ، 12 جون:(ورق تازہ نیوز) ناندیڑ کی شیواجی نگر پولیس نے تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے اغوا کیے گئے تین ماہ کے معصوم بچے کو محض چار گھنٹوں کے اندر تلاش کرکے بحفاظت اس کی والدہ کے حوالے کر دیا۔ اس سلسلے میں ایک خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق ضلع ناندیڑ میں *"مشن مسکان کے تحت لاپتہ اور اغوا شدہ بچوں کی فوری تلاش کے لیے پولیس سپرنٹنڈنٹ *ابیناش کمار* نے تمام پولیس اسٹیشنوں کو خصوصی ہدایات جاری کی تھیں۔
اسی دوران ایک خاتون نے شیواجی نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی کہ 11 جون 2026 کی شام تقریباً 8 بجے اس کے تین ماہ کے بچے کو ایک خاتون نامعلوم وجوہات کی بنا پر اٹھا کر لے گئی ہے۔ شکایت کی بنیاد پر جرم نمبر 266/2026 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔پولیس انسپکٹر راجیش پوری کی رہنمائی میں پولیس ٹیم نے فوری تحقیقات کا آغاز کیا۔ خفیہ معلومات اور سائبر سیل کی تکنیکی مدد سے پتہ چلا کہ اغوا شدہ بچہ ضلع ناندیڑ کے اردھاپور علاقے میں موجود ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم نے فوری طور پر اردھاپور پہنچ کر تلاشی مہم چلائی۔ دورانِ تفتیش ملزمہ شیخ حنا زوجہ شیخ جمال عرف چندرا پی۔ پربھو موہیتے (40 سال)، ساکن گوتم نگر، سانگوی، ناندیڑ کو ایک درگاہ کے قریب تین ماہ کے بچے کے ساتھ پایا گیا۔پولیس نے خاتون اور بچے کو اپنی تحویل میں لے کر شیواجی نگر پولیس اسٹیشن منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد بچے کو بحفاظت اس کی والدہ کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس کی اس بروقت کارروائی پر پولیس سپرنٹنڈنٹ ابیناش کمار نے پولیس ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا اور مبارکباد پیش کی۔