غیر ملکی تبلیغی جماعت کے شرکاء کے خلاف سرکلر مستردکیا جائے: نسیم خان

ممبئی 6 اپریل ( یو. این. آئی) مہاراشٹرا کے سینئر کانگریس لیڈر اور سابق اقلیتی امور وزیر محمد عارف نسیم خان نے آج یہاں مرکزی حکومت کی وزارت داخلہ کی جانب سے دہلی میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز میں شرکت کے لئے آئے غیر ملکی شرکاء کے خلاف ویزا کے شرائط کی خلاف ورزی کرنے، ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے والے سرکلر کو مہاراشٹرامیں رد کئے جانے کا مطالبہ کیا، ساتھ ہی ساتھ جن افراد کے خلاف ریاست میں ایف آئی آر ہوا ہے اسے فوری طور پر واپس لینے کی بھی مانگ کی ہے.

وزیر داخلہ انل دیشمکھ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے نسیم خان نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس کے تحت بیرون ملک سے تبلیغی جماعت کے جو شرکاء ملک میں سیاح کا ویزہ لیکرآئے تھے ان کے خلاف غیر ملکیوں کے قانون اور ویزہ شرائط کی خلاف ورزی کے تعلق سے ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جو کہ سراسر غیرقانونی اور غیر آئینی ہے،نسیم خان نے وزیر داخلہ کو مطلع کیا کہ انہیں ملی معلومات کے مطابق مہاراشٹرا کے ناندیڑ اورپونہ شہر میں مقیم تبلیغی جماعت کے تقریبا ۲۰ غیر ملکی شرکاء کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا ہے،سابق وزیر نے مزید کہا کہ یہ شرکاء ملک میں سیاح کا ویزہ حاصل کرکے آئے تھے نیز سیاح کے ویزہ پر آنے والا کوئی بھی غیر ملکی کسی مذہبی یا سیاسی جلسہ میں تقریر نہیں کرسکتا ہے یہ سیاح کے ویزہ کی ایک شرط ہوتی ہے لیکن متذکرہ معاملہ میں شرکاء نے صرف تبلیغی اجتماع میں شرکت کی تھی جس کا انہیں قانونی اختیار ہے اور یہ کوئی ایسا جرم نہیں ہے کہ جس پر ایف آئی آر درج کیا جاسکے.

مرکزی حکومت کے سرکلر کی سخت لفظوں میں مذمت کرتے ہوئے نسیم خان نے کہا کہ یہ سرکلر محض فرقہ پرستی کی بنیاد پر جاری کیا گیا ہے جبکہ مہاراشٹراکی مخلوط حکومت میں کانگریس اور این سی پی بھی شامل ہیں جس کے سبب ریاست میں اس قسم کے غیرمنصفانہ فیصلہ کو نافذنہیں ہونےدینا چاہئے.وزیر داخلہ نے نسیم خان سے اس ضمن میں تفصیلی گفتگو کی اور کہا کہ وہ اس تعلق سے ویزاعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے رجوع کرکے اعلی پولیس افسران کی آج ہی میٹنگ طلب کرکے فیصلہ لیں گے.

نسیم خان نے اس تعلق سے این سی پی سربراہ شرد پوارسے بھی ٹیلی فون پرگفتگو کی اور انہیں تمام تفصیلات سے آگاہ کیا اس کے بعد شردپوار نے یقین دلایا کہ کل اپوزیشن لیڈران کی وزیر اعظم نریندرمودی کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس میٹنگ ہونے جارہی ہے جس میں وہ اس معاملہ کو مضبوطی کے ساتھ اٹھائیں گے،اور اس پر گفتگو کریں گے.

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading