غیر بی جے پی پارٹیوں کا مشترکہ اقل ترین پروگرام ہوگا : شردپوار

نئی دہلی ۔ یکم نومبر۔این سی پی قائد شردپوار نے آج کہاکہ تمام غیر بی جے پی جماعتیں اپنے ایک مختصر مشترکہ پروگرام کے تحت حکومت کو ملک کے اعلیٰ ترین اداروں جیسے سی بی آئی اور آر بی آئی پر حملوں کے ضمن میں گھیرنے کا پروگرام ترتیب دیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ چیف منسٹر آندھراپردیش و تلگودیشم پارٹی صدر چندرابابو نائیڈو اس ضمن میں دوسری اپوزیشن جماعتوں بشمول کانگریس کے ساتھ تبادلہ خیال میں پہل کریں گے۔ شردپوار نے کہاکہ بہت جلد قومی دارالحکومت میں ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں مستقبل کے پروگرام کو قطعیت دی جائے گی۔ انھوں نے یہ بیان چندرابابو نائیڈو اور نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ کے ساتھ کی گئی میٹنگ کے بعد دیا۔ این سی پی صدر نے کہاکہ مشترکہ کاوشوں کے ذریعہ دستور کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ وہ اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے باوقار اداروں جیسے سی بی آئی اور آر بی آئی پر آئے دن حکومتی مداخلت اور حملوں کے باعث حالات دن بہ دن تشویشناک ہوتے جارہے ہیں اور ملک اور دستور کے تحفظ کے لئے ایک مشترکہ سعی بہت ضروری ہوگئی ہے۔ شردپوار نے کہاکہ جیسے ہی غیر بی جے پی جماعتیں مل بیٹھیں گی ایک مختصر مشترکہ پروگرام کے ڈرافٹ کو قطعیت دی جائے گی اور چندرابابو نائیڈو نے مشورہ دیا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات پر مباحث کے لئے غیر بی جے پی جماعتوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر آنا ضروری ہے۔ نیشنل کانفرنس قائد فاروق عبداللہ نے کہاکہ ملک ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔ آج جمہوریت اور عوام دونوں خطرے میں ہیں۔ چنانچہ اسی سبب ہم آج مل بیٹھے ہیں تاکہ ایک مشترکہ پروگرام کو قطعیت دی جائے اور جمہوریت، ملک اور دستور کو بچایا جاسکے۔ چندرابابو نائیڈو جو سابق میں این ڈی اے کا حصہ رہ چکے ہیں اور ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف دینے کے وعدے سے انحراف پر اس سے علیحدہ ہوچکے ہیں، کہاکہ غیر بی جے پی سیاسی پارٹیوں اور صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کریں گے تاکہ بی جے پی کے خلاف ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دے کر اس کے خلاف لڑسکیں۔ تلگودیشم ذرائع کے مطابق اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر اتفاقاً نائیڈو کی ملاقات کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد سے ہوئی اور دونوں نے ایک مشترکہ پروگرام پر بات چیت کی۔ صرف ایک ہفتہ کے اندر نائیڈو کا یہ دوسرا دورہ¿ دہلی تھا۔ اپنے گمشتہ دورے دہلی کے موقع پر اُنھوں نے بی ایس پی سربراہ مایاوتی، نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ اور سابق بی جے پی قائد یشونت سنہا سے ملاقات کی تھی۔

Leave a comment