عمرہ ویزے 18 شعبان تک جاری کرنے کا اعلان

ریاض : (کے این واصف) کورونا وبا کے بعد سے حرم مکی کے انتظامیہ نے عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی اور مقیم غیرملکی باشندوں پر کچھ پابندیاں عائد کی تھیں جس میں زائرین و معتمرین کی عمر کا بھی تعین کردیا گیا تھا جس کے تحت صرف 18 سال سے 65 سال کی عمر کے افراد کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دی جارہی تھی۔ وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمر پر تحدید کا یہ فیصلہ وزارت صحت کی جانب سے کیا گیا تھا، لیکن نئے احکامات کے مطابق اب 18 سال سے لیکر 70 سال عمر کے افراد عمرہ ادا کرسکتے ہیں۔ معتمرین کو وزارت حج کی سائیٹ کے ذریعہ قبل از وقت اجازت نامہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔ عمرہ کی اجارہ حاصل کرنے کے نئے بنائے گئے اس ایپ کو ’’اعتمرنا‘‘ کہا جاتا ہے، جس کے ذریعہ عمرہ ادائیگی کیلئے اجازت نامہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہ اجازت نامے ہر روز جاری ہوتے ہیں۔ وزارت کے مطابق فی الحال عمرہ اجازت نامے 18 شعبان 1442ھ تک جاری کئے جائیں گے۔ دریں ا ثناء مسجد نبویؐ کے انتظامیہ نے اعلان کیا ہیکہ رمضان المبارک کے دوران مسجد نبویؐ تراویح کے آدھے گھنٹے بعد بند کردی جائے گی اور فجر کے اذان سے دو گھنٹے قبل دوبارہ کھولی جائے گی۔ واضح رہیکہ کوویڈ وبا سے پہلے ماہ رمضان میں مسجد نبویؐ پوری رات کھلی رہتی تھی۔

Leave a comment