ممبئی،28؍ ستمبر (یو این آئی ) :مہاراشٹر میں اسمبلی چناؤ کی پولنگ کاقریب سے قریب تر آتا جا رہا ہے لیکن بی جے پی اور شیو سینا کے درمیان اب تک اختلاف برقرار ہیں ۔اس وقت سب کی نگاہیں بی جے پی اورشیوسینا اتحاد پر ہے۔شیوسینا کےسربراہ ادھو ٹھاکرے نے ایک بار پھر کہا ہے کہ انہوں نے اپنے آنجہانی والد بال ٹھاکرے سے وعدہ کیا تھاکہ وہ کسی شیوسینک کو ریاست کا وزیر اعلیٰ بنائیں گے اس لئے ان سے کئے ہو ئے وعدے کو انہیں پورا کرنا ہے۔
ادھو ٹھاکرے آج باندرہ میں پارٹی کارکنان سے خطاب کر رہے تھے جو پارٹی کے ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے اکٹھا ہوئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی سربراہ امیت شاہ کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کے معاملے پر گفتگو جاری ہے اور جو فیصلہ ہوگا اس کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ادھو ٹھاکرے کا یہ بیان بی جے پی کے اس بیان کے خلاف ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اس کی آئندہ سرکار میں بھی فرنویس ہی وزیر اعلیٰ بنائے جائیں گے۔ ا س وقت فرنویس مہاراشٹر میںبی جے پی کے وز یر اعلیٰ ہیں ۔ شیوسینا ادھو ٹھاکرے کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ بنانےکی کوشش کر ر ہی ہے۔ آدتیہ کو، اسمبلی چناو ٔ میں اگر مہاراشٹر میں این ڈی اے کی فتح ہوتی ہے تو ، وزیر اعلی بنائے جانے کی چہ مگوئیاں ہیں۔
ممبئی کے مضافاتی علاقہ باندرہ میں پارٹی ورکروں اور ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ امیت شاہ کے ساتھ مذاکرات صحیح سمت کی طرف ہیں اور جلدہی سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ ہو جائے گا اور اس کا اعلان بھی کر دیاجائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں شدید اختلاف اور’ شردھا پکشا‘ کے سبب اعلان میں تاخیر ہو رہی ہے۔ یہ لمحات منحوس مانےجاتے ہیں اور ان دنوں میں کوئی نیا کام نہیں کیا جا سکتا ہے ۔۲۸؍ستمبر کو ان منحوس دنوں کا خاتمہ ہو رہا ہے اس کے بعد ہی کوئی اعلان کیاجائے گا۔ادھو نے کہا کہ انہوں نے بالاصاحب سے (شیوسینا کے بانی ) وعدہ کیا تھا کہ وہ کسی شیوسینک کو مہاراشٹر کا وزیر اعلیٰ بنائیں گے اور میں نےاس وعدے کو پورا کرنے کا عہد کیا ہے ۔ یہ وعدہ پورا کیا جائے گا ۔بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ گر اس کے ساتھ معاملہ طے ہو جاتا ہے تو سینا کبھی پیٹھ میں خنجر نہیں بھونکے گی ۔ شیوسینا نے کبھی بھی کسی کی پیٹھ میں خنجر نہیں بھونکا ہے اور اس نے ہمیشہ کھل کر مخالفت کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ انہیں ریاست میں اقتدار چاہئے اس لئے تمام ۲۸۸؍ سیٹوں کے امیدواروں کوبلا یا گیاہے۔ ہم ہر حلقے میں شیوسینا کو تقویت بخشنا چاہتے ہیں اگر بی جےپی کے ساتھ اتحاد ہو گیا تو ان کی پارٹی کوشش کرے گی کہ بی جے پی کی سیٹ پر اس کا امیدوار کامیاب ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح سینا کے امیدوار کوبھی بی جے پی کی حمایت درکار ہو گی ۔ انہوں نے سینا ورکروں سے پارٹی اور اتحاد کیلئے وفادار رہنے کی اپیل کرتے ہوئےکہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہر حلقہ میں امیدوار الیکشن لڑیں۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ اگر شیوسینک ان پر بھروسہ کرتے ہیں تو اور ان کے ساتھ ہیں تو انہیں اس بات کا پورا یقین ہے کہ وہ سیاسی محاذ پر ضرور کامیاب ہوں گے ۔این سی پی لیڈر اجیت پوار کا، جنہوں نے رکن اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، مذاق اڑاتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ میں تو کبھی سیاست ترک نہیں کروں گا ، کھیتی باڑی کروں گا۔ ایک شیوسینک کے طور پر کام کرتا رہوں گا ۔ نشستوں کی تقسیم سے معاملہ میں اختلاف کے سبب ۲۰۱۴ء کے اسمبلی انتخاب میں دونوں پارٹیوں نے علاحدہ الیکشن لڑا تھا ۔اس وقت بی جے پی کو ۲۶۰؍سیٹوں میں سے ۱۲۲؍سیٹیں ملی تھیں جبکہ شیوسینا نے ۲۸۲؍سیٹوں پر الیکشن لڑا تھا جس میںسے اسے ۶۳؍ سیٹیں ملی تھیں ۔