سعودی عرب میں تراویح کیساتھ روحانی رونقیں بحال

مسجد نبویؐ میں زائرین کیلئے خصوصی انتظامات، سعودی قیادت اور حکام سرگرم

ریاض: ( کے این واصف) سعودی عرب کی تمام مساجد میں دو رمضان بعد جمعہ کی رات نماز تراویح ادا کی گئی۔ واضح رہے کہ کووڈ کی پابندیوں کی وجہ سے پچھلے دو رمضان میں مساجد میں نماز ادائیگی پر پابندی عائد تھی۔ مملکت مین آج ( بروز ہفتہ) ماہ رمضان کا پہلا روزہ ہوا۔ کورونا کی پابندیوں مین کمی کی وجہ سے بازاروں میں سابق کی طرح رونقیں لوٹ آئی ہیں۔ عرب ممالک، خصوصاْ خلیجی ممالک میں سہ پہر (عصر) سے صبح فجر تک بازار کھلے رہتے ہیں اور خصوصی روشنیوں سے جگمگاتے رہتے ہیں۔ بازار اور شاپنگ مالز عوام سے پر رہتے ہیں۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مسجد نبوی میں نمازیوں کے لئے مزید گنجائش فراہم کی گئی۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے پچھلے اتوار کو مسجد نبوی کے زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے والے مختلف اداروں کی تیاریوںکا جائزہ لینے کیلئے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے ہمراہ دورہ کیا تھا ۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مدینہ منورہ کے تمام سرکاری و نجی ادارے رمضان سے قبل زائرین کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مستعد ہیں۔ شہزادہ فیصل بن سلمان نے مسجد نبوی کے خارجی صحنوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مسجد کے اطراف علاقہ میں زائرین کو پیش کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ نئے صحنوں کا معائنہ کیا جنہیں حال ہی میں مکمل کیا گیا، جہاں مزید 20 ہزار سے زیادہ زائرین کے لئے نماز کی گنجائش پیدا کی گئی ہے۔ اب تین لاکھ 26 ہزار 429 نمازیوں کی گنجائش پیدا ہو گئی ہے۔ گورنر مدینہ منورہ نے تاکید کی کہ رمضان کے دوران زائرین کو اعلیٰ اور معیاری خدمات فراہم کی جائیں۔ قیادت کی ہدایت ہے کہ مسجد نبوی کے زائرین کے آرام و راحت کے لئے جملہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیرحج وعمرہ نے اطمینان دلایا کہ تمام متعلقہ ادارے رمضان اور باقی عمرہ سیزن کے دوران زائرین کی خدمت کے لئے پوری طرح سے مستعد ہیں۔

Leave a comment