ریاست مہاراشٹرا میں حکومت سازی کا  "گیم آف تھرونز”

انڈیا کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں لوگ سنیچر کی صبح اٹھے تو تقریباً تمام اخبارات کی شہ سرخیاں پرانی ہوچکی تھی۔ اکثر کا خیال تھا کہ کانگریس پارٹی کی حمایت کے ساتھ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور شیو سینا حکومت سازی کریں گے لیکن ایسا نہ ہوا۔جمعے کی شام یہ طے ہو چکا تھا کہ مہاراشٹر کے نئے وزیرِ اعلیٰ شیو سینا کے رہنما اُدھو ٹھاکرے ہوں گے۔

لیکن صبح آٹھ بجے بازی اس وقت پلٹی ہوئی نظر آئی جب یکایک یہ دیکھا گیا کہ سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنوس کو گورنر وزیر اعلیٰ کا حلف دلوا رہے ہیں۔ جیسے راتوں رات سب بدل گیا. اسمبلی کے انتخابات کے نتائج میں واضح اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے ایک ماہ تک حکومت سازی کے لیے سیاسی رسہ کشی جاری رہی اور اب جب گذشتہ روز حکومت کی تشکیل ہو گئی ہے تو اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

مہاراشٹر کی سیاسی تاریخ میں سنیچر کے روز یکے بعد دیگرے جتنے واقعات رونما ہوئے وہ اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے۔ ریاست میں چونکہ صدر راج نافذ تھا اس لیے ساری قانونی پیچیدگیوں کو راتوں رات حل کر لیا گيا لیکن اجیت پوار کی سربراہی میں این سی پی کے ایک دھڑے کی حمایت سے بی جے پی حکومت کے قیام کے بعد اب بھی کئی موڑ باقی ہیں جس میں سے پہلا موڑ سپریم کورٹ کی سماعت کے ساتھ ہی دیکھا جا سکتا ہے۔

حلف برداری کے بعد
Image caption(دائیں سے بائیں) نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار، گورنر بھگت سنگھ کوشیاری، وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڈنوس

لیکن سپریم کورٹ نے بھی ایک موڑ دے دیا ہے اور اس نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنوس اور نائب وزیر اعلی اجیت پوار کو نوٹس جاری کیا ہے۔اس کے ساتھ عدالتِ عظمیٰ نے مہاراشٹر حکومت اور مرکزی حکومت کو بھی نوٹس جاری کیا ہے اور سالیسیٹر جنرل (انڈین اٹارنی جنرل کے ماتحت قانونی افسر) سے کہا ہے کہ وہ حکومت سازی کے لیے گورنر کو دیے جانے والے خطوط اور ديگر دستاویزات پیر کو صبح 10 بجے تک پیش کریں۔

حزب اختلاف جلد از جلد فلور ٹیسٹ چاہتا تھا جبکہ بی جے پی اور حکومت کے وکیل وقت چاہتے تھے۔ بظاہر حکومت کو ایک دن کا وقت ملا ہے۔ اب پیر کو اس معاملے کی سماعت ہوگی اور پھر کوئی فیصلہ سامنے آئے گا۔اب ساری پارٹیوں بطور خاص این سی پی اور کانگریس نے اپنے اپنے منتخب نمائندوں کو ایسے مقامات پر رکھنے کا انتظام کیا ہے جہاں ان سے رابطہ نہیں کیا جاسکے اور کسی قسم کی خرید و فروخت کو ناکام بنایا جا سکے۔

صبح آٹھ بجے تک شاید ہی کسی کو علم ہو کہ کیا ہو رہا ہے لیکن خبر رساں ادارے اے این آئی نے صبح آٹھ بجے ایک ٹویٹ کیا اور پھر آٹھ بج کر 10 منٹ پر حلف برداری کی تقریب براہ راست نشر کی جانے لگی۔ یہاں تک کہ وہاں سرکاری میڈیا بھی موجود نہیں تھا۔

ایک نیا موڑ اس وقت سامنے آیا جب این سی پی کے جو منتخب رکن اسمبلی اجیت پوار کے ساتھ حلف برداری میں گئے تھے جہاں اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا ان میں سے کئی شام کو واپس شرد پوار کے خیمے میں آ گئے اور شام کو شرد پوار نے اپنے بھتیجے اجیت پوار کو منتخب ارکان کے رہنما کے عہدے سے ہٹا دیا اور ان کی جگہ جینت پاٹل کو رہنما منتخب کیا۔

مہاراشٹر میں آنے والی اس پیشرفت پر جہاں بی جے پی اور اس کے حامیان خوشی مناتے نظر آئے وہیں حزب اختلاف نے بیک آواز اس کی مذمت کی۔

کانگریس رہنما احمد پٹیل نے کہا ’بی جے پی کی حرکت نے جمہوری اقدار کی دھجیاں اڑا دیں‘ تو کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسی گروپ) نے کہا ’بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔‘

شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے
Image captionاین سی پی رہنما شرد پوار اور شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے سنیچر کی شام مشترکہ پریس کانفرنس کی جبکہ کانگریس نے علیحدہ

مہاراشٹر کی صورتحال

مہاراشٹر کی پل پل بدلتی صورتحال اور سیاسی رسہ کشی کو سمجھنے کے لیے شروع سے بات شروع کرنی ہو گی۔مہاراشٹر میں کل اسمبلی سیٹیں 288 ہیں۔ بی جے پی اور شو سینا نے مل کر انتخابات میں شرکت کی۔ بی جے پی کو 105 نشستیں ملیں تو شیو سینا کو 56 سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔

مہاراشٹر کے قدآور رہنما شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کو 54 سیٹیں ملیں جبکہ کانگریس پارٹی کی جھولی میں 44 سیٹیں آئیں۔حکومت سازی کے لیے 145 سیٹیں درکار تھیں اور بی جے پی اور شیوسینا کی مجموعی سیٹیں 161 ہو رہی تھیں اور انھیں سادہ اکثریت حاصل تھی۔ این سی پی رہنما نے انتخابی نتائج کے بعد کہا تھا کہ عوام نے انھیں حزبِ اختلاف میں بیٹھنے کا ووٹ دیا ہے۔

لیکن حکومت سازی کا جو عمل انتہائی آسان تھا وہ یکایک اس وقت مشکل ہو گيا جب شیو سینا نے یہ کہنا شروع کر دیا کہ بی جے پی کے ساتھ ان کا اتحاد مساوات کی بنیاد پر تھا اور یہ کہ 50-50 فارمولے پر بات ہوئی تھی۔ جس کا مطلب یہ تھا کہ اسمبلی کی پانچ سال کی مدت میں ڈھائی سال کے لیے شیو سینا کا وزیر اعلیٰ ہونا چاہیے۔

بی جے پی کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ تو دیویندر فڈنوس ہی ہوں گے اور وہ بھی پورے پانچ سال کے لیے۔ تلخیاں بڑھنے لگیں۔ بیان بازیاں ہونے لگيں اور پھر پارلیمان کے موسم سرما کے اجلاس سے قبل جب بی جے پی نے اپنے اتحادیوں کی میٹنگ بلائی تو اس میں شیو سینا نے شرکت نہیں کی اور مرکزی حکومت میں شامل ان کے وزیر نے وزارت کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جس کے ساتھ بی جے پی اور شیوسینا کی 30 سالہ پرانی رفاقت ختم ہو گئی۔

اس کے بعد حکومت سازی کے لیے کسی کے پاس بھی مطلوبہ تعداد نہیں تھی۔ این سی پی اور کانگریس جو شیو سینا کے نظریات کی بالکل مخالف رہی ہیں، ان کا ساتھ آنا بھی مشکل نظر آ رہا تھا اور ان لوگوں کا بی جے پی کے ساتھ جانا تو اور بھی بعید از قیاس تھا۔

دریں اثنا حکومت سازی کے لیے معینہ مدت ختم ہونے کے بعد ریاست میں صدر راج نافذ کر دیا گیا۔

شرد پوار، دیویندر فڈنوس اور اجیت پوار
Image captionشرد پوار، دیویندر فڈنوس اور اجیت پوار

سنیچر کی رات سے رونما ہونے والے واقعات

کہا جاتا ہے کہ این سی پی نے اپنے منتخب اسمبلی رہنماؤں کے جو دستخط شیو سینا کی حمایت کے لیے حاصل کیے اسے این سی پی رہنما شرد پوار کے بھتیجے اجیت پوار نے بی جے پی کے رہنما دیویندر فڈنوس کے حوالے کر دیا جسے مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کو دکھا کر حکومت سازی کی درخواست دی گئی۔

گورنر نے اس کے بعد رات میں ہی یہ پیغام صدر جمہوریہ رام ناتھ کووِند کے پاس بھیجا کہ مہاراشٹر میں حکومت سازی کے لیے ساز گار ماحول ہے اس لیے صدر راج ختم کیا جائے۔

صدر راج ہٹانے کے لیے کابینہ کی میٹنگ ضروری ہوتی ہے لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے انڈیا کے آئین کے آرٹیکل 356 کے تحت خصوصی اختیار کا استعمال کرتے ہوئے صبح پانچ بج کر 47 منٹ پر مہاراشٹر سے صدر راج کے خاتمے کا اعلان کیا گيا۔

اس کے بعد صبح آٹھ بجے حلف برداری کا اعلان ہوا اور پھر آٹھ بج کر 10 منٹ پر لوگوں نے دیویندر فڈنوس کو وزیرِ اعلیٰ اور اجیت پوار کو نائب وزیرِ اعلیٰ کا حلف اٹھاتے دیکھا۔

این سی پی کے رہنما شرد پوار نے کہا کہ ان کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے جبکہ ان کی بیٹی سوپریا سولے نے کہا کہ یہ خاندان کے بٹوارے جیسا کام ہے۔ شرد پوار نے کہا کہ ان سب کے باوجود اسمبلی میں بی جے پی اکثریت ثابت کرنے میں ناکام رہے گی جبکہ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف قسم کے ہیش ٹيگ ٹرینڈ کرتے رہے۔ ٹی وی چینلوں نے نان سٹاپ خبریں اور تجزیے اور مباحثے نشر کیے۔

بی جے پی کے حامیوں نے اسے ’مہا ماسٹر سٹروک‘ بتایا تو کسی نے کہا کہ ’مودی ہے تو ممکن ہے‘۔ کسی نے بی جے پی رہنما امت شاہ کی تدابیر کو ‘چانکیہ نیتی’ سے تعبیر کیا۔ چانکیہ در اصل قدیم انڈیا کی تاریخ میں اپنی سیاسی چالوں کے لیے معروف تھے اور انھیں کنگ میکر بھی کہا جاتا ہے۔

بی جے پی
Image captionبی جے پی کے لوگ حکومت سازی سے بہت خوش نظر آئے

’گیم آف تھرونز‘

اس سارے معاملے پر سوشل میڈیا پر کافی بحث ہوتی رہی اور کئی دلچسپ ٹرینڈ کرتے رہے۔ ’موٹا بھائی راکس‘ بھی ٹرینڈ کر رہا تھا جس کا مطلب تھا بڑے بھائی چھا گئے اور بڑے بھائی سے مراد امت شاہ اور نریندر مودی ہیں۔

اس کے برعکس ’مہا بی جے پی کو‘ یعنی بی جے پی کا تختہ پلٹ بھی ٹرینڈ کرتا رہا۔ اس کے ساتھ ممبئی میں تھوڑے عرصے کے لیے ’گیم اف تھرونز‘ بھی ٹرینڈ کرتا ہے۔ جنھوں نے گیم آف تھرونز دیکھا ہے وہ جانتے ہیں کہ وہاں کیا کیا ہوتا ہے۔

لوگ دو خیموں میں تقسیم ہیں۔ لیکن اور کہا جا رہا ہے کہ بی جے پی شمال مشرقی ریاست بہار اور جنوبی ریاست کرناٹک کی طرح مہاراشٹر میں بھی حکومت قائم رکھنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

لیکن مہاراشٹر کے سینیئر صحافی پرمود چانچوار نے بی بی سی کے نمائندے دلنواز پاشا کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ سب سے زیادہ نقصان میں وزیر اعلی دیویندر فڈنوس رہیں گے اور اس کے بعد اجیت پوار۔

انھوں نے کہا: ’موجودہ حساب کتاب کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سب سے زیادہ نقصان میں دیویندر فڈنوس ہوں گے کیونکہ شیوسینا، کانگریس اور این سی پی نے اپنے ایم ایل اے کو اپنے پاس برقرار رکھا ہے اور اس لیے انھیں اکثریت ثابت کرنا مشکل ہوگا۔‘

پرمود چانچوار کا کہنا ہے کہ ’دوسرے نمبر پر زیادہ نقصان میں اجیت پوار ہوں گے۔ انھوں نے اپنے چچا شرد پوار سے بغاوت کی اور این سی پی کے اعتماد کو مجروح کیا ہے۔ اس سے ان کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ انھیں شرد پوار کے وارث کے طور پر بھی دیکھا جاتا تھا۔ انھوں نے ان کے ساتھ بھی غداری کی ہے۔‘ دیویندر فڈنوس نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے آشیرباد سے وزیر اعلیٰ کا حلف لے تو لیا ہے لیکن ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں۔

مرزا اے بی بیگ بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی

بشکریہ بی بی سی اردو

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading