حیدرآباد 15مئی .حیدرآباد کے مسلم نوجوانوں کے ایک نئے اسٹارٹ اَپ ”میجک کلین“ نے ماہ رمضان المبارک کے دوران ایک منفرد مہم شروع کی ہے‘ وہ عوام سے استعمال کئے گئے ملبوسات کو اکٹھا کرکے اس کی صفائی ستھرائی اور استری کرکے گفٹ پیک کے طور پر مسلم معاشرہ کے غریب اور مستحق افراد کو پیش کررہے ہیں۔ میجک کلین ایسا اسٹارٹ اَپ ہے جو لانڈری چین پر مشتمل ہے۔ جس میں امپورٹیڈ ٹکنالوجی کے حامل مشنری استعمال کی جارہی ہیں۔ بانی میجک کلین مسٹر یوسف خان نے کہا کہ اس مبارک مہینہ رمضان میں اپنی خوشیوں کو اپنے اطراف و ا کناف رہنے اور بسنے والے مستحقین میں بانٹنے سے جو قلبی طمانیت اور روحانی سکون ملتا ہے اُسے سارے جہاں کی دولت سے حاصل نہیں کیا جاسکتا ہے۔ مسٹر یوسف خان نے کہا کہ استعمال شدہ ملبوسات میں اگر رفو یا ان کی درستگی کی ضرورت ہو تو میجک کلین کی جانب سے اُسے بالکل نئے لباس کے طور پر بنادیا جائے گا اور عید سے پہلے تقسیم کیا جائے گا۔
رمضان المبارک میں اربوں روپئے کی خریداری ہوتی ہے اس کے باوجود یہ ایک حقیقت ہے کہ کم از کم 30 تا 35فیصد مسلمان ایسے ہوتے ہیں جو ڈھنگ کے کپڑے تک نہیں پہن سکتے۔ اگر انہیں استعمال کئے گئے لباس نئے انداز میں پیش کئے جائیں تو وہ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکتے ہیں۔ مسٹر یوسف خاں نے اس سلسلہ میں 9393931947 پر پیدا کرنے کی خواہش کی ہے۔ میجک کلین کے کلکشن اینڈ ڈیلیوری ویان گھر پہنچ کر کپڑے اکٹھا بھی کرے گی اور اُسے سدھار کر مستحقین تک پہنچا دے گی۔