سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے والے اے جی پیراری والن کی والدہ ارپوتامل نے پیر کو نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور اس معاملے میں تمام سات سزا یافتہ قیدیوں کو جلد رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔
محترمہ ارپوتامل کے ہمراہ لوک سبھا کے رکن وی سی کے کے رہنما تھول تیروموالاو ن اور ڈی روی کمار بھی موجود تھے۔ انہوں نے شاہ کو ایک یادداشت پیش کرکے سات قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ ان کی رہائی سے متعلق فیصلہ تمل ناڈو کے گورنر کے پاس زیر التوا ہے۔
شاہ سے ملاقات کے بعد محترمہ ارپوتامل نے صحافیوں سے بتایا کہ وزیر داخلہ نے انہیں اس معاملے میں ضروری اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پچھلے 28 برسوں سے اپنے لڑکے کی رہائی کے لئے لڑ رہی ہیں۔حال ہی میں تمل ناڈو کے وزیر اعلی ای کے پلانی سوامی نے قانون ساز اسمبلی میں کہا تھا کہ ریاستی حکومت تمام سات قیدیوں کی رہائی کے لئے پرعزم ہے۔ مسٹر پلانی سوامی نے کہا ،’’عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی بنیاد پر ، کابینہ نے آئین کے آرٹیکل 161 کے تحت ان کی رہائی کی سفارش کرنے والی ایک تجویزگورنر بنواری لال پروہت کو ارسال کی ہے ‘‘۔
وزیر اعلی نے کہا کہ اب گورنر کو اس معاملے پر فیصلہ کرنا ہے۔ مسٹر گاندھی کے قتل کے ساتوں سزا یافتہ قیدی وی سری ہرن ، ٹی ستانتی راجا ، اے جی پیراری والن ، جیا کمار ، رابرٹ پیاس اور نلنی گذشتہ 28 برسوں سے جیل میں ہیں اور ان کی رہائی کے لئے متعدد سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو یادداشتیں دی گئیں ہیں۔ اس کے علاوہ گورنر پر اس معاملے میں فوری طور پر فیصلہ کرنے کے لئے دباؤ ڈالنے کی ریاستی حکومت سے اپیل کی ہے۔
ریاستی کابینہ نے گذشتہ سال ستمبر میں آئین کے سیکشن 161 کے تحت گورنر کو تمام سات قیدیوں کو رہا کرنے کی تجویز بھیجی تھی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ، گورنر کو اس معاملے پر فیصلہ کرنا ہے جو پچھلے سال ستمبر سے زیر التوا ہے۔اگرچہ راج بھون نے پچھلے سال 15 ستمبر کو کہا تھا کہ گورنر آئین کے تحت صحیح فیصلہ کریں گے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
