دا کشمیر فائلس ✍️:پرویز نادر

مذہبی جنونیت کا نشہ، اور ڈرامائی کرداروں کو حقیقت کی تصویر کی شکل دیکر نا صرف مسلمانوں سے بلکہ کشمیری مسلمانوں سے جنہیں اب تک دہشت گرد، پتھر باز اور ملک دشمن قرار دیا جاتا تھا، ان کے خلاف نفرت اور تعصب اور انتقام کی آگ کو ایسا بھڑکایا جارہا ہے کہ بس لوگ منتظر ہوجائیں کہ کب ہمیں موقع ملے اور کب انتقام کی آگ میں کشمیریوں کو جھلسا کر اپنا سینہ ٹھنڈا کریں۔

جس طرح دا کشمیر فائلس فلم پر ماحول کو گرمایا جارہا ہے،پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا سوشل میڈیا کشمیری پنڈتوں پر ظلم و ستم کی وہ داستان بیان کررہا ہے اس پر اس قدر نوحہ کررہا ہے کہ اب لگتا ہے کشمیری مسلمانوں پر ظلم و ستم کی ایک نئی داستان رقم ہونے والی ہے۔

کشمیر فائلس فلم کے کرداروں اور میکرس کا ملک کے وزیراعظم اور دیگر وزراء سے ملاقاتیں، پارلیمنٹ میں فلم کے حق میں بحث کو چھیڑنا اس کا کیا مطلب؟؟ اور ایسا لگتا ہے کہ اس فلم کو تیار ہونے میں چار سال لگنے کی بات کررہے لوگوں نے کشمیریوں کو ان کے گھروں سے بے گھر کرنے اور ان پر ظلم کے پہاڑ توڑنے کا پلان بنانے میں کئی سال لگادیے جس کے بلو پرنٹ پر عمل دا کشمیر فائلس فلم کے ذریعے سے شروع ہوجائے گا،فلم کو لیکر کچھ لوگوں کو میڈیا ہاؤسز میں لے آنا ،ان کے انٹرویوز، ہجرت کی الم ناک داستان،اور اپنے خیالات کے اظہار کے دوران رو پڑنا یہ بتاتا ہے کہ جس طرح جنگ عظیم دوم کے وقت یہودیوں پر ظلم و زیادتی اور ہولوکاسٹ کی پوری کہانی تیار کراکر ساری دنیا سے یہودیوں کی فلسطین ہجرت کرائی گئی اور صدیوں سے رہتے آرہے فلسطینیوں کو ان ہی کے گھروں سے بے دخل کرکے یہودیوں کو بسایا گیا،

بالکل اسی طرح لاکھوں کشمیری پنڈتوں کے ہجرت کی کہانی پر سینے پیٹ پیٹ کے کشمیریوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کیا جائے گا،یہ ایک کامن سینس(commonsens) کی بات ہے،جو سمجھ آرہی ہے اور اس فلم کو دیکھنے کے بعد ٹھیٹھرس کے باہر فلم بینوں کے خیالات،ا ور تاثرات کو آپ نے دیکھا ہوگا وہ اس فلم کو ایک کہانی نہیں بلکہ حقیقت سمجھ رہے ہیں جس کے نتیجے میں انتقام کے جذبات کا پیدا ہونا ایک فطری عمل ہے اور ویسے بھی آرٹیکل 370/کے خاتمے کے بعد وہ کشمیری جو برسو ںسے جنگلات کے بیچ جھونپڑیاں بناکر رہتے آرہے ہیں ہزاروں کی تعداد میں ان کے کچے گھروں کو توڑا جا چکا ہے،اگر یہ نا بھی ہو تو سر دست دا کشمیر فائلس فلم کا فائدہ اٹھایا بھی جا چکا ہے

یوپی اور دیگر مقامات پر الیکشن کے نتائج سے پہلے ای وی ایم کی مشینوں کو پکڑا جانا جو ایک بہت بڑی دھاندلی اور جس پر ہنگامہ ہو سکتا تھا،اس موضوع کو پورا کی پورا اس فلم کی نذر کردیا گیا،اور میڈیا نے جو بی جے پی کی ہر چھوٹی فتح کو بھی بڑی کامیابی بتانے میں پورا آسمان سر پر اٹھالیتا ہے خاموشی اختیار کرلی،تری پورہ فساد،دھرم سنسد کا انعقاد،

اور اب دا کشمیر فائلس فلم ،مسلمانوں کے تئیں نفرت اور عداوت کے جذبات ہندؤوں میں کوٹ کوٹ کر بھرنے کا ایک سلسلہ نظر آتا ہے ،خیر یہ باتیں تو ایسی ہیں کہ اپنے قلم سے تحریر کی اور خود ہی پڑھ لیا کیونکہ مسلم انٹلیکچول(intellectual) طبقہ ان ساری باتوں کو سیکیولر اور لبرل نظروں سے دیکھ کر سیدھا نکار دیتا ہے اور مسلم قیادتیں کہلانے والی شخصیات اور جماعتوں کو یہ باتیں دیوانوں کی بڑ اور جذباتیت نظر آتی ہے۔

Leave a comment