حکومت مہاراشٹر میں ایک اور لاک ڈاؤن نہیں چاہتی: نگراں وزیر اسلم شیخ

ممبئی 29 دسمبر (یو این آئ )ہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے بدھ کو کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی حکومت مہاراشٹر میں ایک اور لاک ڈاؤن نہیں چاہتی، لیکن وہ یہ بھی نہیں چاہتی کہ کووڈ – 19 کے معاملات دوبارہ بڑھیں۔اپنی سرکاری رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اسلم شیخ نے کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی حکومت مہاراشٹر میں ایک اور لاک ڈاؤن کی خواہش مند نہیں ہے، کیونکہ اس سے عام لوگوں کو بہت ساری تکالیف اور مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تاہم ریاستی حکومت اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ لوگ کووڈ -19 کی گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے کووڈ -19 وبائی امراض کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں مگر اس وبائی مرض پر قابو پانے کے لیے حکومت کو عوام کے تعاون کی ضرورت ہے لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ کسی بھی طرح کی بھیڑ بھاڑ سے گُریز کریں ساتھ ہی اُنہوں نے متنبہ کیا کہ حکومت کی بار بار اپیل کے بعد بھی اگر کوئی سرکاری گائیڈ لائن کی خلاف ورزی کرتا ہے تو ایسے لوگوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔واضح رہے کہ پچھلے ہفتے ہی ریاستی حکومت نے شہر بھر میں 144 نافذ کیا ہے جس کے تحت رات 9 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان عوامی مقامات پر پانچ سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہے۔

Leave a comment