نئی دہلی ۔لوک سبھا الیکشن کولےکرکانگریس کے ساتھ اتحاد کے امکانات کودیکھتے ہوئےعام آدمی پارٹی مسلم رائے دہندگان تک رسائی میں مصروف ہوگئی ہے۔ ساتھ ہی عام آدمی پارٹی نے مسلمانوں کو بی جے پی کا خوف دکھانا شروع کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نےاس معاملے میں خود کمان سنبھالی ہےاوروہ مسلم علاقوں میں جاکرعام لوگوں سےکہہ رہے ہیں کہ کانگریس دہلی میں نہیں جیتنے والی ہے، اس لئےعام آدمی پارٹی کوووٹ دیں۔
انہوں نے ایک طرف کہا کہ عام آدمی پارٹی اپنے ترقیاتی کاموں کی بنیاد پرووٹ مانگتی ہے تووہیں دوسری طرف انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی اوربی جے پی صدرامت شاہ ملک کے لئے بہت خطرناک ہیں۔ پاکستان ہندواورمسلمانوں کو لڑانے کا کام کرنا چاہتا تھا، لیکن جوکام پاکستان نہیں کرسکا، اسے نریندرمودی اورامت شاہ کررہے ہیں۔
دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال ان دنوں مسلم علاقوں میں خوب جلسےکررہے ہیں۔ اوکھلا کے جامعہ نگرمیں ہوٹل ریورویومیں مسلم انٹلکچوئل فورم کے ساتھ اروند کیجریوال نے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پرمقامی ممبراسمبلی امانت اللہ خان اورجنوب مشرقی پارلیمانی حلقہ سے ‘آپ’ امیدوار آتشی مارلینا ودیگرموجود تھے۔ اروند کیجریوال نے جم کربی جے پی اورکانگریس پرحملہ بولا۔ انہوں نےایک بارپھراتحاد کولےکربات چیت کا انکشاف کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدراورسابق وزیراعلیٰ شیلادکشت کے بیان کومسترد کردیا، جس میں انہوں نےاتحاد کولےکربات چیت نہ ہونےکی بات کہی تھی ۔ کیجریوال نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ کانگریس کی کیا مجبوری ہے، لیکن کانگریس اتحاد کے لئے تیارنہیں ہے۔ کانگریس دہلی میں جیت نہیں رہی، اگرکانگریس جیت رہی ہوتی توساتوں سیٹیں کانگریس کو دے دیتے، اس لئےاقلیتی طبقے کے ووٹ کا استعمال صحیح طریقے سے ہونا ہے۔