جاپانی شہزادی آئندہ ماہ عام شہری سے شادی کریں گی

جاپانی شاہی خاندان کی رکن اور امکانی ولی عہد فومی ہیٹو کی صاحبزادی 29 سالہ شہزادی ماکو آئندہ ماہ ایک عام جاپانی شہری کومورو سے شادی کررہی ہیں۔کومورو کی عمر بھی 29 برس ہے اور وہ نیویارک سے قانون کی تعلیم حاصل کرکے لوٹے ہیں۔

جاپانی شاہی محل کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق عوام کی جانب سے اس شادی کو مکمل حمایت حاصل نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ شہزادی کی ہونے والی ساس ایک مالی تنازع میں ملوث بتائی جاتی ہیں۔

شاہی خاندان اور عوامی سطح پر بھی یہ معاملہ متنازع ہے اور شاہی خاندان کے لیے شرمندگی کا باعث بنی ہے جس کی وجہ سے عوام بھی ناخوش ہیں اور اسی وجہ سے یہ شادی پہلے ہی تین برس سے تاخیر کا شکار ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ شہزادی ماکو اور ان کے منگیتر کی شادی تو آئندہ ماہ طے ہے لیکن اس حوالے سے شادی کی کوئی مخصوص یا مقررہ تقریب منعقد نہیں ہوگی۔

شاہی محل کے مطابق شہزادی نے خاندان سے باہر شادی کرنے پر ملنے والے 150 ملین ین (لگ بھگ ساڑھے 13 لاکھ امریکی ڈالرز) کی رقم لینے سے انکار کردیا ہے جس کی کہ وہ حقدار تھیں۔

وہ دوسری جنگ عظیم کے بعد شاہی خاندان کی پہلی خاتون رکن ہیں جو کہ ایک عام آدمی سے شادی کرنے سے ملنے والی رقم وصول نہیں کررہی ہیں۔