جانئے ان مشہور شخصیات کے بارے میں جو کورونا وائرس کا شکار ہوئے!

اب تک دنیابھر کے 28.2ملین افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں، جن میں سے 19ملین افراد صحت یاب ہوئے، جبکہ 910ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ کورونا وائرس سے عام لوگ تو متاثر ہوئے ہی تھے، ساتھ ہی مختلف ممالک اور شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی اس وائرس سے متاثر ہوئیں، جن میں سے کچھ شخصیات کے بارے میں اس مضمون میں بتایاجارہاہے۔

شاہد آفریدی:پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے ایک دن سوشل میڈیا پرکہا: ”میں کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہوں“۔ ساتھ انہوں نے اپنے پیغام میں مداحوں سے ان کیلئے دعا کی اپیل بھی کی۔ تاہم اب وہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ملائکہ اڑورا:بولی وڈ اداکارہ ملائکہ اڑورا کے قریبی دوست اداکار ارجن کپور کا پہلے کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، اس کے کچھ ہی دن کے بعد ملائکہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام دیا کہ وہ اب اپنے گھر میں قرنطینہ میں موجود ہیں۔ اس لئے وہ کسی شوبز سرگرمی کا حصہ نہیں بن پائیں گی۔

سارا خان:انڈین اداکارہ سارا خان بھی حال ہی کورونا کا تازہ شکار بنی ہیں۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو یہ خبر دی کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیاہے، ڈاکٹرز نے انہیں قرنطینہ میں رہنے کا مشورہ دیا ہے، جس پر وہ عمل کررہی ہیں۔

رابرٹ پٹینسن:ہولی وڈ اداکار رابرٹ پیٹنسن کے لاکھوں مداح ہیں۔ وہ اپنی فلم“دی بیٹ مین“ کی شوٹنگ کروانے میں مصروف تھے، کہ اچانک وینیٹی فئیر جریدے میں لکھنے والے ایک ہولی وڈ رپورٹر نے یہ خبر دی کہ رابرٹ کورونا کا شکار ہوگئے ہیں، لہذا وہ اب قرنطینہ میں ہیں، اس لئے فلم کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔

شرینو پاریکھ:مشہور انڈین ڈراموں ”عشق باز، اس پیار کو میں کیا نام دوں؟“ جیسے ڈراموں میں کام کرنے والی ٹی وی آرٹسٹ شرینو پاریکھ بھی کورونا وائرس کے حملے سے بچ نہ پائیں۔ انہوں نے اس کی اطلاع سوشل میڈیاپر دی، ساتھ ہی کہا کہ وہ اب کسی ڈرامے کی شوٹنگ نہیں کروارہی ہیں اور انہوں نے لوگوں سے ملنا جلنا ترک کردیا ہے۔

میڈونا:61سالہ مشہور امریکی سنگر و اداکارہ میڈونا نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے ویڈیو پیغام میں یہ بھی کہا کہ اب وہ قرنطینہ میں ہیں اور کسی بھی قسم کی سرگرمی کا حصہ نہیں بن رہی ہیں۔

نواک جوکووچ:مشہور سربین پلئیر کورٹ میں تو اپنے مخالفین کو شکست سے کئی بار دوچارکرتے آئے ہیں، تاہم وہ کورونا سے بچنے میں ناکام رہے۔ پہلے انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں، پھر بعد میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی بیوی جیلینا کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، تاہم خوش قسمتی سے ان کے بچوں کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

یوسین بولٹ:دنیا کے تیز ترین انسان کا لقب پانے والے یوسین بولٹ بھی کورونا وائرس سے خود کو نہ بچا سکے۔ انہوں نے جمائیکا میں مشہور انگلش فٹ بالر رحیم اسٹرلنگ کی جانب سے ان کی 34برتھ ڈے پارٹی میں شرکت کی اور اس کے بعد وہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

بچن فیملی:مشہور انڈین بچن فیملی بھی کورونا وائرس سے محفوظ نہ رِہ پائی۔ پہلے بولی وڈ کے شہنشاہ مانے جانے والے امیتابھ بچن کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آئی، ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ وہ ناناوتی اسپتال، ممبئی میں زیر علاج ہیں، انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔ اسی طرح ان کی بہواداکارہ ایشوریہ رائے بچن اور پوتی ارادھیا بچن کے بارے میں بھی اطلاعات سامنے آئیں کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہیں اور دونوں ناناوتی اسپتال میں ایڈمٹ ہیں، پھر اس کے بعد امیتابھ کے بیٹے اداکار ابھیشیک بچن کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور ان کا علاج بھی ناناوتی اسپتال میں ہی کیاگیا۔ تاہم اب یہ سب صحت یاب ہوچکے ہیں۔