بہوجن کرانتی مورچہ کا مالیگاؤں میں 16/ مارچ کو جلسہ اور 26/مارچ کو بند کی تیاریاں جاری !

مختلف پارٹیوں، تنظیموں اور شخصیات کی جانب سے حمایت !
مالیگاؤں۔11. مارچ ۔ملک میں بہوجن سماج کی متحرک اور منظم تنظیم کے روحِ رواں اور بہوجن کرانتی مورچہ کے آل انڈیا کنویئر جناب وامن میشرام صاحب مورخہ 16/ مارچ بروز پیر کو مالیگاؤں تشریف لا رہے ہیں۔ اور نیا بس اسٹینڈ کے قریب اسکول نمبر 14/ کے گراؤنڈ پر ایک احتجاجی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

ملک میں برہمن واد اور منوسمرتی کے خلاف ببانگِ دہل بولنے والے اور آر ایس ایس کے ہندوتوا ایجنڈے کے خلاف پوری شدت کے ساتھ تحریک چلانے والے وامن میشرام صاحب کے ساتھ محترم مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی صاحب اور مولانا عبدالحمید ازہری صاحب نے گزشتہ دنوں لکھنؤ میں تمام تنظیموں کی میٹنگ لے کر 26/ مارچ کو بھارت بند کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھارت بند کیسا ہو گا ؟ اس بند کے دور رس نتائج کیا ہونگے ؟ اسی کے ساتھ سی اے اے، این آر سی، اور این پی آر کے تعلق سے بھی تفصیلی معلومات جناب وامن میشرام صاحب کے علاوہ دیگر تنظیموں اور پارٹیوں کے ذمہ داران اس جلسہ عام میں دینگے۔ مقامی سطح پر اس جلسہ کا انعقاد بہوجن کرانتی مورچہ کے ساتھ راشٹریہ مسلم مورچہ اور کل جماعتی تنظیم کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔

اس جلسہ عام کی باضابطہ تیاریاں جاری ہیں۔ اور اسی سلسلے میں آج سے مختلف سیاسی پارٹیوں، مذہبی جماعتوں، ملی تنظیموں اور سماجی اداروں کے علاوہ اہم شخصیات سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے اس پروگرام کے لئے حمایت کی اپیل کی جا رہی ہے۔ اور اطمینان بخش بات یہ ہے کہ ہر طبقے سے اس پروگرام کو تاءید و حمایت حاصل ہو رہی ہے۔

کل جماعتی تنظیم کے ترجمان، صوفی ملت صوفی غلام رسول قادری صاحب، راشٹریہ مسلم مورچہ کے ناسک ضلع کے ضلعی صدر الحاج سیٹھ محمد یوسف الیاس صاحب، راشٹریہ مسلم مورچہ کے شمالی مہاراشٹر کے سکریٹری جاوید انور صاحب، بہوجن کرانتی مورچہ کے راجو کیدارے صاحب، حفظ الرحمن ازہری صاحب، صوفی جمیل قادری ٹیلر صاحب نے آج شہر کی جن شخصیات کو لیٹر دیا، اور حمایت حاصل کی،ان میں نمایاں طور پر شہر کے موجودہ ایم ایل اے، محترم حضرت مولانا مفتی محمد اسماعیل قاسمی صاحب ، مہاراشٹر شاہ جماعت کے ریاستی صدر حاجی عبدالرحمن شاہ صاحب، لوک سنگھرش سمیتی کے صدر محمد سلیم صاحب، کارپوریشن کے اپوزیشن لیڈر جناب عتیق کمال صاحب، ڈاکٹر فیروز صاحب سفینہ میڈیکل، ینگ میمن کمیٹی کے فیروز میمن صاحب، پاور لوم بنکروں میں نمایاں مقام رکھنے والے اقبال سیٹھ امرویر اور یاسین جواہر کا گروپ، بنکر بیداری کمیٹی کے صدر اور راشٹروادی کانگریس پارٹی کے اقلیتی سیل کے مہاراشٹر کے نائب صدر الحاج محمد یوسف سیٹھ نیشنل والے، مالیگاؤں شہر رکشہ یونین کے صدر صاحب، اور ڈاکٹر انیس احمد انصاری صاحب، فعال کارپوریٹر نعیم پٹیل صاحب اور انکے برادر عبدالرحیم پٹیل صاحب اور سینیر پترکار اشفاق صدیقی صاحب شامل ہیں۔