بھیونڈی ( شارف انصاری ):- انڈے کھلانے کے بہانے تین سال کی بچی کو گھر سے لے جا کر اس کا اغوا کرنے والے ملزم کو پولیس نے بدھ کی رات بدلا پور سے گرفتار کر لیا ہے ۔ پرانے گھریلوں تنازعے کے سبب یہ واردات انجام دی گئی اس بات کا خلاصہ ہوتے ہی پولیس مزید تحقیقات میں سرگرم ہو گئی ہے ۔
واضح ہو کہ شہر کے دیونگر میں واقع محمد علی کمپاونڈ میں رہنے والے محمد ارشاد محمد ادریس انصاری کی تین سالہ بچی عالیہ کو بدھ کی رات 9 بجے انڈے کھلا کر لے آتا ہوں ایسا کہہ کر ملزم عبدالکلام چودھری لے گیا اور پھر واپس نہیں آیا ۔ کافی دیر گزر جانے کے بعد جب بچی گھر واپس نہیں آئی تو اہل خانہ کے افراد نے اس کی تلاش شروع کردی ، کافی کھوج بین کے بعد بھی جب بچی نہیں ملی تو بچی کے والد ارشاد انصاری نے بھوئی واڑہ پولیس اسٹیشن پہنچ کر اپنی شکایت درج کرائی ۔جس کے بعد پولیس نے بچی کی تلاش شروع کر دی اور ملزم کے موبائیل فون کو ٹریس کرنا شروع کیا تو موبائیل کا لوکیشن بدلاپور کے والولی گاوں بتانے لگا ۔ جس کے بعد پولیس نے بدلا پور علاقے میں جال بچھا کر ملزم عبدالکلام کو تین سال کی بچی کے ساتھ گرفتار کر لیا ۔ گرفتار ملزم عبدالکلام چودھری کو پولیس نے جمعرات کے روز دوپہر میں بھیونڈی کورٹ میں پیش کیا تھا۔ جہاں کورٹ نے ملزم کو 5 دنوں کی لئے پولیس حراست میں رکھنے کا حکم سنایا ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم عبدالکلام چودھری مزدوری کرتا ہے ۔ جس کے بے روزگار ہوجانے کے سبب اس کی بیوی نے اسے چھوڑ دیا تھا اور وہ اس کے بھائی ارشاد ادریس انصاری کے ساتھ رہنے لگی تھی ۔ اپنی بیوی کو واپس پانے کے لئے ملزم عبدالکلام چودھری نے ارشاد انصاری کی تین سالا بچی کا اغوا کر لیا تھا اور اس کے بدلے اپنی بیوی کو واپس دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔