بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان: 91.88 فیصد طلبہ کامیاب، وزیر تع لیم دادا بھوسے کی مبارکباد لڑکیوں کا کامیابی کا تناسب لڑکوں سے 5.07 فیصد زیادہ، کوکن ڈویژن سرِفہرست

بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان: 91.88 فیصد طلبہ کامیاب، وزیر تعلیم دادا بھوسے کی مبارکباد

لڑکیوں کا کامیابی کا تناسب لڑکوں سے 5.07 فیصد زیادہ، کوکن ڈویژن سرِفہرست

ممبئی (آفتاب شیخ)
مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائیر سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے منعقدہ ہائیر سیکنڈری سرٹیفکیٹ (بارہویں جماعت) کے امتحانات میں اس سال 91.88 فیصد طلبہ کامیاب قرار پائے ہیں۔ ریاست کے وزیر برائے اسکولی تعلیم جناب دادا بھوسے نے کامیاب طلبہ، اُن کے والدین اور رہنمائی کرنے والے اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ہے، اور تمام طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ بارہویں جماعت کی کامیابی تعلیمی سفر کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اب طلبہ کو اپنی دلچسپیوں اور رجحانات کی بنیاد پر آئندہ تعلیمی یا پیشہ ورانہ راستہ منتخب کرنے کا موقع حاصل ہے۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے اُن طلبہ کو بھی حوصلہ دیا جنہیں اس بار کامیابی حاصل نہیں ہوئی، اور کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں بلکہ نئی امید کے ساتھ دوبارہ محنت کریں اور کامیابی حاصل کریں۔

امتحانی نتائج کی جھلکیاں:
امسال ریاست کے 9 تعلیمی ڈویژنز سے کل 14,27,085 طلبہ نے اندراج کیا، جن میں سے 13,02,873 طلبہ کامیاب ہوئے۔ کوکن ڈویژن 96.74 فیصد کامیابی کے ساتھ اول نمبر پر رہا۔ لڑکیوں کا کامیابی کا تناسب 94.58 فیصد رہا جبکہ لڑکوں کا 89.51 فیصد، یعنی لڑکیوں نے لڑکوں کے مقابلے میں 5.07 فیصد زیادہ کامیابی حاصل کی۔

شاخ وار نتائج:

  • سائنس: 97.35٪
  • کامرس: 92.68٪
  • آرٹس: 80.52٪
  • ووکیشنل کورسز: 83.26٪
  • آئی ٹی آئی: 82.03٪

معذور طلبہ کی کامیابی:
امسال 7,310 معذور طلبہ نے رجسٹریشن کروایا، جن میں سے 6,705 طلبہ کامیاب ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 92.38 فیصد رہا۔

نمبرات میں بہتری کا موقع:
جو طلبہ اس امتحان میں تمام مضامین میں کامیاب ہوئے ہیں، اُنہیں آئندہ تین امتحانات میں اپنے گریڈ یا مارکس بہتر بنانے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ یہ امتحانات جون-جولائی 2025، فروری-مارچ 2026، اور جون-جولائی 2026 میں منعقد ہوں گے۔

وزیر تعلیم دادا بھوسے نے تمام طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اعتماد، خود شناسی اور حوصلے کے ساتھ آئندہ کی راہ متعین کریں اور ملک کا روشن مستقبل بنیں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading