بارہویں نتیجہ 2025: تھانے ضلع کی شاندار کامیابی – کوکن ڈویژن میں دوسری پوزیشن! ضلع پریشد سی ای او روہن گھوگے اور محکمہ تعلیم کی جانب سے طلبہ کو مبارکباد

بارہویں نتیجہ 2025: تھانے ضلع کی شاندار کامیابی – کوکن ڈویژن میں دوسری پوزیشن!

ضلع پریشد سی ای او روہن گھوگے اور محکمہ تعلیم کی جانب سے طلبہ کو مبارکباد

تھانے (آفتاب شیخ)
فروری-مارچ 2025 میں منعقد ہونے والے بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان ہو چکا ہے، اور تھانے ضلع نے قابلِ ستائش کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوکن ڈویژن میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ ضلع کا مجموعی نتیجہ 93.74 فیصد رہا۔ کل 96,089 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی، جن میں سے 89,827 طلبہ کامیاب قرار پائے۔ لڑکیوں کی کارکردگی اس سال بھی لڑکوں سے بہتر رہی، کل 50,715 طالبات میں سے 46,965 کامیاب ہوئیں، جو کہ 92.91 فیصد ہے۔ جبکہ 54,124 طلبہ میں سے 48,283 نے کامیابی حاصل کی، جو کہ 89.55 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ 8,750 طلبہ نے دوبارہ امتحان دیا جن میں سے 5,421 طلبہ کامیاب ہوئے۔

ضلع پریشد تھانے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر روہن گھوگے نے تمام کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی طلبہ کی انتھک محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کے بھرپور تعاون کا ثمر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امتحانات کے دوران شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جو مؤثر اقدامات کیے گئے، اُن کا بھی اس کامیاب نتائج میں اہم کردار رہا ہے۔

محکمہ تعلیم، تھانے نے امتحانات کے دوران شفاف اور منظم امتحانی عمل کے لیے متعدد اقدامات کیے، جن میں حساس امتحانی مراکز کی ڈرون کیمروں سے نگرانی، تمام امتحانی مراکز پر جسمانی سہولیات کی پیشگی دستیابی، مراکز کے باہر ویڈیو فلم بندی، فلائنگ اسکواڈ اور اسٹیشنری اسکواڈز کی مؤثر تعیناتی، اور مہاراشٹر پریوینشن آف میل پریکٹس ایکٹ 1982 کے تحت سخت عمل درآمد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، امتحانی مرکز کے 500 میٹر دائرے میں زیراکس سینٹرز بند اور دفعہ 144 نافذ کی گئی۔

ثانوی تعلیمی افسر للیتا دہیتولے نے بتایا کہ تھانے ضلع نے اس سال امتحانات کے انعقاد میں نظم و ضبط، شفافیت اور معیار کی ایک اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے امتحان کا مکمل ہونا ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

تھانے ضلع میں اس سال کے نتائج نے نہ صرف تعلیم کے معیار کو مزید مستحکم کیا ہے بلکہ امتحانی عمل میں مکمل شفافیت اور نظم و ضبط کو بھی نمایاں کیا ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading