اہم خبریں: نہتے طلباء پر پولیس کی بربریت کو چھڑپ نہ کہیں، جے این یو ایس یو کی اپیل

نہتے طلباء پر پولیس کی بربریت کو چھڑپ نہ کہیں، جے این یو ایس یو کی اپیل

راشٹرپتی بھون تک مارچ کو پولیس کی طرف سے لاٹھی چارج سے ناکام بنا دینے کے بعد جے این یو طلباء یونین نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ ان پر پولیس کی بربریت کو جھڑپ نہ کہا جائے۔

جے این یو ایس یو نے ٹوئٹ میں کہا، ’’ہم شکر گزار ہیں کہ میڈیا نے ہماری خبر کو نشر کیا لیکن ہماری اپیل ہے کہ جب تک طلباء جواب میں پولیس پر لاٹھی نہ چلائیں برائے مہربانی نہتے طلباء پر مسلح ریاستی حملہ کو جھڑپ کا نام نہ دیں۔‘‘

واضح رہے کہ کئی میڈیا اداروں نے مارچ کے حوالہ سے خبر دیتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس اور طلباء کے درمیان جھڑپ ہو گئی ہے۔


پُر امن مارچ جاری رہے گا: جے این یو ایس یو

جے این یو تشدد کے خلاف دہلی میں احتجاج کر رہے طلباء کو پولیس کی طرف سے حراست میں لئے جانے کے بعد جے این یو ایس یو (جواہر لال نہرو یونیورسٹی طلباء تنظیم) کی طرف سے احتجاج کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ جے این یو ایس یو کے ٹوئٹ ہینڈل سے لکھا گیا ہے، ’’پولیس کی بربریت راشٹرپرتی بھون کی طرف گامزن ہمارے پُرامن مارچ کو نہیں روک پائے گی۔ ہم پُر زور انداز میں وی سی ہٹاؤ کا مطالبہ اٹھاتے ہیں۔‘‘


مارچ نکال رہے جے این یو طلباء پر لاٹھی چارج، حراست میں لئے گئے

جے این یو میں غنڈوں کے حملہ کے خلاف دہلی میں راشٹرپتی کی طرف مارچ نکال رہے طلباء کو پولیس کی جانب سے حراست میں لیا گیا ہے۔ اس سے پہلے طلباء پر لولیس کی طرف سے لاٹھی چارج کئے جانے کی بھی اطلاع ہے۔

اطلاعات کے مطابق جے این یو میں تشدد پر وی سی کی مجرمانہ خاموشی پر طلباء چراغ پا ہیں اور وہ ان کے استعفی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ جس طلباء نے راشٹرپتی بھون کی طرف مارچ نکالنے کی کوشش کی تو پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کیا اور سینکڑوں طلباء کو حراست میں لے لیا۔



جے این یو تشدد واقعہ پر کیجریوال کا مرکز پر نشانہ

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں تشددکے واقعہ پر نریندرمودي حکومت پر نشانہ لگایا اور الزام لگایا کہ پولیس کو تشدد نہ روکنے کے احکامات دیئے گئے تھے۔ کیجریوال نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہا’’دہلی پولیس کیا کر سکتی ہے۔ اگر انہیں اعلی افسران سے تشدد نہ روکنے کے احکامات ہوں تو وہ کیا کر سکتی ہے۔ اگر وہ حکم کو نہیں مانتے تو ان کو معطل کر دیا جاتا۔

قابل ذکر ہے کہ اتوار کی شام نقاب پوشوں میں جن میں مرد اور خواتین بھی شامل تھے، نے جے این یو کیمپس کے اندر گھس کر ہاسٹل میں توڑ پھوڑ کی اور منظم طریقے سے طلباو طالبات کو نشانہ بنایا۔ تشدد کے ان واقعات میں جے این یو طلبا یونین کی صدر آئشي گھوش اور 34

دیگر طالب علم اور استاد زخمی ہو گئے تھے۔ جے این یو تشدد کو لے کر ملک کے مختلف حصوں میں غم و غصہ پھیل گیا اور اسٹوڈنٹس طبقہ، سماجی تنظیموں اور کئی سیاسی پارٹیوں نے اس پرتشدد واقعہ کے خلاف احتجاج و مظاہرے جاری ہیں۔

زبردست برف باری کی وجہ سے ہماچل میں 5 قومی شاہراہ سمیت 854 سڑکیں بند

ہماچل پردیش کے ریونیو اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے چیف سکریٹری اونکار چند شرما نے جانکاری دی ہے کہ زبردست برف کی وجہ سے ریاست میں 5 قومی شاہراہوں سمیت 854 سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ حالات بہتر ہونے کے بعد یہ سڑکیں جلد کھلیں گی۔


دہلی: مرکزی بجٹ سے قبل وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے کی انتہائی اہم میٹنگ

دہلی کے بی جے پی ہیڈکوارٹر میں مرکزی بجٹ کو لے کر ایک انتہائی اہم میٹنگ ہوئی۔ مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے پارٹی کے سرکردہ لیڈروں، ترجمانوں اور پارٹی کی دیگر تنظیموں کے اہم افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں پارٹی کے کارگزار صدر جے پی نڈا بھی موجود تھے۔


مہاراشٹر وزیر داخلہ کے بیان سے ’جج لویا کیس‘ کی دوبارہ سماعت کا امکان بڑھا

مہاراشٹر حکومت میں وزیر داخلہ ایل دیشمکھ نے جج لویا کیس سے متعلق ایک انتہائی اہم بیان میڈیا میں دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ آج متعلقہ لوگوں سے ملاقات کریں گے اور جج لویا کیس کے بارے میں تفصیل معلوم کریں گے۔ اگر ایسا محسوس ہوگا کہ غیر جانبدارانہ جانچ اس کیس میں کرائی جانی چاہیے تو اس سلسلے میں جانچ کی کارروائی ایک بار پھر شروع ہوگی۔


مدھیہ پردیش میں دیپکا پادوکون کی فلم ’چھپاک‘ کو ٹیکس فری کیا گیا

ایک طرف جہاں دیپکا پادوکون کی 10 جنوری کو ریلیز ہونے فلم ’چھپاک‘ کو لے کر تنازعہ کھڑا ہوا ہے اور کچھ ہندوا تنظیموں سے جڑے لوگ اس کی زبردست مخالفت کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، وہیں دوسری طرف دیپکا کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے۔ مدھیہ پردیش حکومت نے اس فلم کو ٹیکس فری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیکس فری ہونے کی وجہ سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس فلم کو فائدہ ہوگا اور مدھیہ پردیش میں بڑی تعداد میں شائقین فلم کو دیکھنے کے لیے جائیں گے۔


اعجاز لکڑوالا کو عدالت نے 21 جنوری تک پولس ریمانڈ پر بھیجا

انڈر ورلڈ سرغنہ داؤد ابراہیم کے قریبی اعجاز لکڑوالا کو عدالت نے 21 جنوری تک پولس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ ممبئی پولس نے لکڑوالا کو پتنہ سے گرفتار کیا تھا۔


سمپورنانند سنسکرت یونیورسٹی طلبا یونین انتخاب میں سبھی 4 سیٹوں پر NSUI کا قبضہ

وارانسی کے سمپورنانند سنسکرت ودیالیہ میں ہوئے طلبا یونین الیکشن میں این ایس یو آئی نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ اس الیکشن میں کانگریس کی طلبا تنظیم این ایس یو آئی نے سبھی 4 سیٹوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ کانگیرس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اس شاندار کامیابی کے لیے این ایس یو کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ہمیں طلبا ساتھیوں پر فخر ہے۔ اس بار کے الیکشن میں این ایس یو آئی نے طلبا یونین کی سبھی چار سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے۔‘‘


پھانسی سے پہلے ’نربھیا‘ کے ایک مجرم نے سپریم کورٹ میں ڈالا کیوریٹو پٹیشن

نربھیا کے چاروں مجرموں کو 22 جنوری کی صبح 7 بجے پھانسی دیے جانے کا فیصلہ سپریم کورٹ نے سنا دیا ہے۔ اس درمیان ایک مجرم ونے کمار شرما نے سپریم کورٹ میں کیوریٹو پٹیشن یعنی فیصلے میں رد و بدل کی ایک عرضی داخل کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ونے کمار شرما کا کہنا ہے کہ ’’جب نربھیا کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کا واقعہ پیش آیا تھا اس وقت میری عمر 17 سال سے کم تھی۔‘‘


نوئیڈا کے ای ایس آئی سی اسپتال میں لگی زبردست آگ

نوئیڈا سیکٹر-24 کے ای ایس آئی اسپتال میں آگ لگ گئی ہے۔ آگ بجھانے کے لیے دمکل کی 6 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ فی الحال کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ملی ہے۔



دہلی: پٹپڑ گنج واقع فیکٹری میں لگی زبردست آگ، ایک فرد ہلاک، فائر بریگیڈ کی 35 گاڑیاں موقع پر موجود

دہلی کے پٹپڑگنج انڈسٹریل ایریا کی ایک فیکٹری میں زبردست آگ لگ گئی ہے۔ موقع پر دمکل کی 35 گاڑیاں موجود ہیں۔ آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے۔ اس آگ کی وجہ سے ایک شخص کی موت ہو چکی ہے۔


ایران-امریکہ کشیدگی کے درمیان بغداد میں امریکی ہائی کمیشن کے قریب گرے دو راکٹ

ایران-امریکہ کشیدگی میں فی الحال کوئی کمی واقع ہوتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق عراق کی راجدھانی بغداد میں دو راکٹ حملے ہوئے ہیں۔ خبر رساں ادارہ اے ایف پی کے مطابق یہ حملہ بغداد کے گرین زون میں ہوا ہے جہاں امریکی ہائی کمیشن کے علاوہ کئی دیگر ممالک کے سفارتخانے موجود ہیں۔ بتایا یہ بھی جا رہا ہے کہ راکٹ امریکی سفارتخانہ کے بے حد نزدیک گرا۔ راکٹ سے حملہ کے بارے میں عراقی فوج نے بھی تصدیق کی ہے۔ عراقی فوج نے بتایا کہ گرین زون میں دو راکٹ گرے ہیں۔ فی الحال اس حملے میں کسی کی ہلاکت کی خبر سامنے نہیں آئی ہے اور نہ ہی کسی نے اس حملے کی ذمہ داری لی ہے۔


یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

Leave a comment