چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کے دوران اپوزیشن لیڈران کو حراست میں لیے جانے اور بعد میں رہا کیے جانے کے معاملے پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر جمہوریت کو کمزور کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج خاموشی اختیار کر لی گئی تو آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔
خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ سے بات چیت میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے کہا کہ ’’رات میں میری بھی طبیعت خراب ہو گئی تھی، ہم بھی رات 10 بجے واپس لوٹے ہیں۔ جمہوریت میں گرفتاری اور احتجاج جیسی چیزوں کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہوتی، یہ سب چلتا رہتا ہے۔ لیکن جمہوریت کو ختم کرنے کے لیے جو کچھ کیا جا رہا ہے، وہ ناقابل برداشت ہے۔ اگر آج ہم خاموش رہے تو کل آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی، کیونکہ انہوں نے تماشا بنا رکھا ہے۔‘‘ عمران مسعود نے سی ای سی گیانیش کمار سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پورے ادارے کو تباہ کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن پر عوام کا جو بھروسہ اور اعتماد تھا، اسے توڑ دیا گیا ہے۔ انہیں عہدے پر برقرار رہنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔