اودھو ٹھاکرے کے مکان کے سامنے چائے فروخت کرنے والے کو کورونا وائرس

ممبئی۔ہندوستان میں کورونا کا اثر اگر سب سے زیادہ کسی ریاست میں ہوا ہے تو وہ مہاراشٹر ہے۔ یہاں اب تک 700 سے زیادہ کورونا پازیٹو مریض ہیں۔ اموات کے معاملے میں بھی مہاراشٹر ہندوستانی ریاستوں میں سرفہرست ہے۔ اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے ریاست میں مہلوکین کی تعداد 45 کے پار پہنچ چکی ہے۔ کورونا وائرس سے مہاراشٹر کے اقتدار پر قابض ٹھاکرے فیملی بھی سہما ہوا ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ باندرا واقع کلانگر علاقے میں ‘ماتو شری’ کے پاس ایک چائے بیچنے والی خاتون کورونا پازیٹو پائی گئی ہے۔ ڈر اس وقت بڑھ گیا جب پتہ چلا کہ اس دکان پر ادھو کے گھر پر کام کرنے والے اسٹاف بھی چائے پینے جاتے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اب سبھی اسٹاف کا کورونا ٹیسٹ ہوگا۔وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور ان کی فیملی کے اراکین کے لیے کام کرنے والے 150 سے زیادہ ملازمین کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ ان ملازمین کو احتیاطاً علاقے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ پر نئے کو بلایا گیا ہے۔ سبھی کے نمونے لے لیے گئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی ماتو شری کے تقریباً پورے علاقے کو سینیٹائز کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں علاقے کو کنٹنمنٹ ایریا قرار دے دیا گیا۔ چائے بیچنے والی خاتون کے رابطے میں آئے لوگوں کی بھی تلاش کی جا رہی ہے۔