ابوظبی میں وَبا کی وجہ سے تاخیرکا شکار بالی ووڈ ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب جمعہ کی شب منعقد ہوئی ہے اور اس میں بھارت کی شوبز صنعت سے وابستہ مشہور شخصیات اور بالی ووڈ ستاروں نے شرکت کی ہے۔ایوارڈز کی یہ تقریب اس سے پہلے کروناوائرس کی وَبا کی وجہ سے گذشتہ دوسال میں دو مرتبہ منسوخ کی گئی تھی۔تقریب میں شریک معروف بھارتی گلوکار تنیشک باغچی نے سبزقالین پر اپنے جذبات کا اظہاران الفاظ میں کیا:’’جادوہونے والا ہے کیونکہ جس لمحے میں ابوظبی میں داخل ہوا،میرا یہ احساس تھا کہ یہ کیا پرفارم کرنے کی جگہ ہے اورمیں پہلی باراپنے گانے یہاں گارہا ہوں۔ یہ ایک حیرت انگیزجگہ ہے، یہ ایک حیرت انگیزاحساس ہے‘‘۔

بھارتی اداکارہ شروری واگھ نے بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے روابط کا ذکرکیا۔یواے ای 90 لاکھ سے زیادہ نفوس کا مسکن ہے اور اس ملک میں ہندوستانی تارکین وطن کی تعداد ایک اندازے کے مطابق 35 لاکھ افراد ہے۔انھوں نے کہا کہ ’’یہ تقریب ان بہت سے لوگوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کا ایک بہترین موقع ہے جو بالی ووڈ کے بڑے مداح ہیں۔میرے خیال میں یہاں ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے جو ہماری فلموں سے محبت کرتی رہی ہے، لہٰذا یہاں آکر ان لمحات کو ان کے ساتھ شیئر کرنا بہت اچھا لگ رہا ہے‘‘۔ان الفاظ کی بازگشت وِزکرافٹ انٹرٹینمنٹ ایجنسی ممبئی کے شریک بانی آندرے ٹمنز کے کلمات میں بھی سنائی دی۔ایوارڈز کی یہ تقریب ان ہی کے زیراہتمام منعقد کی جارہی تھی۔

ٹمنزنے کہا کہ ہم سب ابوظبی سے محبت کرتے ہیں کیونکہ یہ بھارت کے قریب ہے اور اسی طرح کی ثقافت کے ساتھ اور ہمارے سینما اور فلم پروڈیوسرابوظبی میں شوٹنگ میں راحت محسوس کرتے ہیں۔اس لیے میں یہاں سنیما کے ذریعے بہتر تعلقات قائم کرنے آیاہوں۔انھوں مزید کہا:’’میں سمجھتا ہوں کہ ہم جو کچھ کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور جو ہم پہلے ہی کررہے ہیں،وہ یہ کہ دراصل یہاں علم لارہے ہیں، لہذا جب ہم یہاں آتے ہیں اور شوٹنگ کرتے ہیں یا ہم جو کچھ کرتے رہے ہیں، اس کی ٹیکنالوجی جاننے کے لیے بہت سے مقامی لوگوں کو بھی استعمال کرتے ہیں‘‘۔

Leave a comment