آپلے سرکار پورٹل پر 97 فیصد شکایات کا ازالہ

تھانے (آفتاب شیخ) –
ضلع پریشد تھانے کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ریاستی حکومت کے آغاز کردہ ’آپلے سرکار 2.0‘ پر موصول شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی مہم جاری ہے۔ ضلع پریشد کو اب تک پورٹل پر 2,762 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 2,665 کا ازالہ کیا جا چکا ہے، جبکہ صرف 99 شکایات مزید کارروائی کے لیے زیرِ التواء ہیں۔ اس پورٹل کے ذریعے دیہاتی اپنی شکایات آن لائن درج کر سکتے ہیں اور ان کی موجودہ صورتحال بھی جان سکتے ہیں۔
حکومت کی ہدایت کے مطابق 21 دن میں شکایت کا ازالہ لازمی ہے، مگر چیف ایگزیکٹیو آفیسر روہن گھوگے کی رہنمائی میں ضلع پریشد اوسطاً 11 دن میں ہی شکایات حل کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں تمام محکموں کے افسران اور ملازمین خصوصی کوششیں کر رہے ہیں۔
’آپلے سرکار‘ پورٹل پر موصول شکایات کا تفصیلی جائزہ ہر پیر کو چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی صدارت میں کیا جاتا ہے۔ شکایت میں وضاحت نہ ہونے کی صورت میں شکایت کنندہ سے فون پر فوری رابطہ کیا جاتا ہے۔ ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر (جنرل ایڈمنسٹریشن) اویناش پھڈترے نے اطمینان ظاہر کیا کہ تھانے ضلع پریشد شکایات کے حل میں مؤثر کارکردگی دکھا رہی ہے۔
ریاستی حکومت کے 150 دن کے پروگرام کے تحت ’آپلے سرکار‘ پورٹل پر شکایات کے فوری ازالے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔