آن لائن نظام میں خرابی، طلبہ پریشان – فارم بھرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ

پونے (آفتاب شیخ) – نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی اسکولوں اور کالجوں میں داخلہ و اسکالرشپ کے لیے آن لائن فارم بھرنے کی کارروائی جاری ہے، لیکن ریاستی حکومت کے آن لائن پلیٹ فارم "مہا آن لائن" میں تکنیکی خرابیاں پیدا ہونے سے ہزاروں طلبہ اور ان کے والدین شدید مشکلات سے دوچار ہو گئے ہیں۔
اس سلسلے میں آل انڈیا مسلم او بی سی آرگنائزیشن کے صدر اقبال انصاری نے ضلع کلکٹر پونے کو ایک تحریری عرضداشت پیش کی، جس میں ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ تمام متعلقہ محکموں کو آن لائن فارم بھرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کے لیے فوری ہدایات جاری کرے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو داخلہ اور اسکالرشپ کے لیے رہائش، آمدنی، ذات، غیر مجرمانہ اور ای ڈبلیو ایس سرٹیفکیٹ کی فوری ضرورت ہے، مگر پچھلے ہفتے سے "مہا آن لائن" کا نظام ٹھیک سے کام نہیں کر رہا ہے، جس کے سبب یہ تمام اسناد رُکی ہوئی ہیں۔ نتیجتاً طلبہ اور والدین دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں اور ان کے تعلیمی سال کو نقصان پہنچنے کا خطرہ لاحق ہے۔
اس موقع پر پونے شہر کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری امین شیخ نے سوال اٹھایا کہ ریاستی حکومت کا آن لائن نظام ہر سال نئے تعلیمی سال کے آغاز پر ہی کیوں خراب ہو جاتا ہے؟ اور اسے فوراً درست کیوں نہیں کیا جاتا؟
وفد میں سرفراز مومن، نوشاد شیخ، ابراہیم ایوت محل والے اور دیگر نمائندے موجود تھے۔ تمام نے مشترکہ طور پر ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے فارم بھرنے کی تاریخ میں فوری توسیع کی جائے تاکہ کوئی بھی طالب علم اس موقع سے محروم نہ رہ جائے۔