آئیڈیل جونیئر کالج رابوڑی تھانے کا شاندار رزلٹ
کامرس میں 96.87 فیصد کامیابی، آرٹس و سائنس میں بھی نمایاں کارکردگی

تھانے (آفتاب شیخ)
گزشتہ روز مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے تحت بارہویں جماعت (ایچ ایس سی) 2025 کے نتائج کا اعلان ہوا، جس میں کوکن ڈویژن نے ریاست بھر میں اول مقام حاصل کیا۔ کوکن کے تحت آنے والے تھانے ضلع نے ڈویژن میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ تھانے ضلع کے قدیم مسلم آبادی والے علاقہ رابوڑی میں واقع آئیڈیل ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ انتظام چلنے والے آئیڈیل ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج نے امسال بھی شاندار کامیابی درج کی۔
آئیڈیل ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، رابوڑی تھانے نے ایچ ایس سی 2025 کے نتائج میں ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مختلف شعبہ جات میں طلبہ نے نمایاں نمبرات حاصل کرکے ادارے اور اساتذہ کا نام روشن کیا۔
آرٹس شعبے میں ادارے کا مجموعی نتیجہ 82.85 فیصد رہا۔ نمایاں طلبہ میں خان مہ جبین شکیل نے 87.83 فیصد نمبرات حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، شیخ زینب محبوب نے 82.50 فیصد کے ساتھ دوسرا، جب کہ سید زاہیہ فاطمہ رافع الزماں نے 68.67 فیصد نمبرات کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کیا۔
کامرس شعبے میں 96.87 فیصد کے شاندار کامیابی درج کی گئی۔ اس شعبے میں شیخ ماریہ جمیل نے 84.50 فیصد نمبرات کے ساتھ اول، خان محمد آصف ایوب نے 81.17 فیصد کے ساتھ دوم اور عثمانی ہمزہ طاہر نے 77 فیصد کے ساتھ سوم پوزیشن حاصل کی۔
سائنس شعبے میں بھی طلبہ نے اچھا مظاہرہ کیا اور 82.60 فیصد مجموعی نتیجہ رہا۔ نیریکر طوبی شاہد نے 75.33 فیصد، نائیکواڑی تسمیہ نے 53.33 فیصد اور انصاری ابراہیم شریف نے 50.83 فیصد نمبرات حاصل کیے۔
واضح رہے کہ آئیڈیل ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، رابوڑی تھانہ میں 1969 میں قائم کیا گیا تھا اور گزشتہ 56 برسوں سے یہ ادارہ رابوڑی و اطراف کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے اور تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔ اب تک ہزاروں طلبہ یہاں سے تعلیم حاصل کر کے مختلف میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ ادارہ ہر سال تربیت، نظم و ضبط کے ساتھ معیاری تعلیم، تربیت اور امتحانی نتائج کے میدان میں نئی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔
ادارے کی پرنسپل شیخ انور احمد نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "ہمارے طلبہ نے مسلسل محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی دعاؤں کے نتیجے میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ ادارہ ہمہ وقت معیاری تعلیم اور اخلاقی تربیت کے اصولوں پر کاربند ہے۔ ہم آئندہ بھی طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرتے رہیں گے تاکہ وہ تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔"