آئین کے دفاع کے لئے کا نگریس کو شیر کی طرح لڑنا ہوگا: راہل

نئی دہلی: کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ سے آئین اور آئینی اداروں کے دفاع کے لئے شیر کی طرح لڑنے کی اپیل کرتے ہوئے سنیچر کو کہا کہ پارلیمنٹ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

راہل گاندھی نے یہاں پارلیمنٹ کے احاطہ میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں نومنتخب اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ اراکین پارلیمان کو ہر ایک ہندوستانی کے مفادات کے لئے لڑنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے دفاع کے لئے آپ کو مزید جارح بننا ہوگا۔ آپ کا سامنا نفرت، بزدلی اور رعونت سے ہے لیکن آپ کو ہرایک ہندوستانی کے لئے جدوجہد کرنی ہوگی۔

خطاب کے بعد راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ لوک سبھا میں کانگریس کے صرف 52 اراکین پارلیمنٹ ہوسکتے ہیں لیکن ہم آئین اور آئینی اداروں کے تحفظ کے لئے ایک ساتھ شیر کی طرح لڑیں گے اور کانگریس پارلیمنٹ میں اہم اپوزیشن پارٹی کے طور پر اپنے فرائض کی ادائیگی بے خوف ہو کر کرے گی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لئے بچنے کا کوئی موقع نہیں ہوگا۔

اراکین پارلیمنٹ سے خطا ب کرتے ہوئے کانگریس کے صدر نے کہا کہ پارٹی کے ہر رکن کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ہر ایک رکن آئین کے لئے اور رنگ اور مذہب کی تفریق کے بغیر ہر ایک ہندوستانی کیلئے جدوجہد کررہا ہے۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں ہوئی میٹنگ میں سونیا گاندھی کو پھر سے پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔

سونیا گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں سخت محنت کرنے کے لئے کانگریس کے صدر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ مودی حکومت سے سیدھے اور بے خوف ہوکر ٹکرائے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے صدر کے طور پر راہل گاندھی نے کانگریس کے لئے دن رات ایک کردیئے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ انہوں نے کئی ریاستوں میں کانگریس میں پھر سے جان ڈال دی۔ حال میں پارٹی نے چھتیس گڑھ، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں جیت حاصل کی۔ کانگریس کے صدر کے طورپر انہوں نے پور ے ملک میں ہر ایک مزدور اور کروڑوں رائے دہندگان کی محبت اور احترام حاصل کیا ہے۔

خیال رہے کہ راہل گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی خراب کارکردگی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے صدر کے عہدہ سے استعفیٰ دینے کی پیشکش کی ہے۔ انتخابات کے بعد کانگریس پارلیمانی پارٹی کی یہ پہلی میٹنگ تھی۔ لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو 303 سیٹیں ملی ہیں جبکہ کانگریس کو 52 سیٹیں ہی حاصک ہوئیں ہیں۔

Source بشکریہ قومی آواز بیورو—

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading