کابینی وزیر ڈاکٹر جتیندر اوہاڈ کی اکلوتی بیٹی کی شادی انتہائی سادگی سے ہوئی

تھانے(آفتاب شیخ)ممبرا ۔ کلوا حلقہ کے رکن اسمبلی و ریاست کے کابینی وزیر برائے ہاوسنگ ڈاکٹر جتیندر اوہاڈ کی اکلوتی بیٹی نتاشا کی شادی ایلن پٹیل نامی لڑکے سے انتہائی سادگی کے ساتھ گھر میں ہی دونوں کنبہ و شادی رجسٹرار کے سامنے اور اہل خانہ کی موجودگی میں ہوئی ۔اس وقت میڈیا کے افراد نے اوہاڈ سے کچھ بات کرنی چاہی تو وہ انتہائی دلبرداشتہ ہوکر دبی آواز میں کہا کہ آج میرے گھر کی کھلکھلاہٹ اور خوشی ، ہلچل سب کچھ چلا گیا میری اکلوتی بیٹی ہی میرا سب کچھ تھی اسکے آج گھر سے رخصتی پر میں کافی افسردہ ہوں.

اوہاڈ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا مجھے ڈانٹنے، دیر سے آنے پر ٹوکنے ، کھانے پینے دوا لینے ہر کام میں وہ نہ صرف نظر رکھتی تھی بلکہ پوری گہرائی سے دھیان دیتی تھی اب یہ کون کرے گا ۔ لیکن صبر کرنا ہوگا ہر بیٹی پرائی ہوتی ہے آج یہ بھی ہوگئی ۔ جتیندر اوہاڈ سے پوچھا گیا کہ آ پ ریاست کے کابینی وزیر اور اتنی سادگی سے شادی کر رہے ہیں وہ بھی اکلوتی بیٹی کی تو انھوں نے کہا کہ یہ سب کچھ اسکی مرضی سے ہوا ہے اس نے جیسے جیسے کہا ہم نے ویسا ہی کیا شادی اسکی تھی مرضی بھی اسکی، ہم نے کبھی اس کی مرضی کے خلاف کوئی کام نہیں کیا تو یہ آخری کام اس گھر میں اسکی مرضی کے خلاف کیسے کرسکتا تھا ۔