مرکز کی مودی حکومت کے مظالم کے خلاف آج کانگریس ریاست بھر میں احتجاج کرے گی: نانا پٹولے

 ممبئی میں نانا پٹولے اور اشوک چوہان کی قیادت میں مظاہرے، ناسک میں بالاصاحب تھورات سنبھالیں گے مورچہ

ممبئی:مرکز کی مودی حکومت اپنی آمریت کے ذریعے جمہوری اقدار اور آئین کوبالائے طاق رکھ کر اپوزیشن کو ختم کرنے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ کانگریس کی صدرمحترمہ سونیا گاندھی کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی تفتیش اسی سازش کا حصہ ہے۔مرکزی حکومت یہ حملہ ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے اس ظالمانہ و آمرانہ رویہ کے خلاف جمعرات 21 جولائی کو ممبئی سمیت ریاست بھر میں زبردست احتجاج کیا جائے گا۔

اس ضمن میں بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ معاملے میں سونیا گاندھی سے سیاسی سازش اور نفرت کی وجہ سے ای ڈی کے ذریعے تفتیش کی جا رہی ہے۔ مرکزی تفتیشی ایجنسیاں مودی حکومت کی کٹھ پتلیاں بن چکی ہیں اور حکومت کی ہدایت پر ہی اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں۔ اس سے پہلے راہل گاندھی سے بھی اسی معاملے میں پانچ دن تک روزانہ 10 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ اب سونیا گاندھی سے پوچھ گچھ ہو رہی ہے۔ پٹولے نے کہا کہ درحقیقت نیشنل ہیرالڈ کیس میں کوئی بددیانتی نہیں ہوئی۔ 2015 میں بند کیے گئے اس کیس کو دوبارہ کھولنا کانگریس پارٹی اور گاندھی خاندان کو ہراساں کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ لیکن کانگریس پارٹی بی جے پی اور مودی حکومت کے اس ظلم کے سامنے نہیں جھکے گی، بلکہ جمہوری طریقے سے اس کا منہ توڑ جواب دے گی۔

پٹولے نے کہا کہ مرکزی حکومت کی من مانی کے خلاف مہاراشٹر کانگریس ریاست گیر احتجاج کرے گی۔ اس کے تحت جمعرات کو صبح 10 بجے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس پر ریاستی صدر نانا پٹولے، سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان کے علاوہ ممبئی کانگریس کے صدر ایم ایل اے بھائی جگتاپ، مہیلا کانگریس کی ریاستی صدر سندھیہ تائی سوالاکھے، ریاستی ورکنگ صدرنسیم خان، چندرکانت ہانڈورے، سابق وزیر ورشا گائیکواڑ کے ساتھ بڑی تعداد میں لیڈران و کارکنان احتجاجی مظاہرے میں موجود رہیں گے۔اسی کے ساتھ ریاست کے تمام ای ڈی کے دفاتر کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ضلعی ڈویژنل دفاترکے سامنے بھی احتجاج بھی کیا جائے گا۔ ناگپور ڈویژن میں سابق وزیر ڈاکٹر نتن راؤت، وجے وڈیٹی وار، سنیل کیدار، ایم پی سریش دھانورکر، امراؤتی ڈویژن میں سابق ریاستی صدر مانیک راؤ ٹھاکرے، شیواجی راؤ موگھے، یشومتی ٹھاکر، وسنت پورکے، مراٹھواڑہ ڈویژن میں ریاستی کارگزار صدر بسوراج پاٹل، سابق وزیر امیت دیشمکھ، شمالی مہاراشٹر ڈویژن میں سابق وزیر بالاصاحب تھورات، سابق وزیر کے سی پڈوی، ریاستی ورکنگ صدر کنال پاٹل، مغربی مہاراشٹرمیں سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، ستیج پاٹل، ریاستی ورکنگ صدر پرنیتی شندے کی قیادت میں تمام ضلعی صدور، سابق ایم ایل اے، ایم پی، عہدیدار، تمام سیل وفرنٹل کے سربراہان اور کارکنان اس تحریک میں حصہ لیں گے۔