فہرست مشایخ طریقت،اگست/ 2023
عہد رواں میں برصغیر کے درج ذیل مشایخ اپنے علوم و معارف، تزکیہ و احسان کے حوالے سے خاصے مشہور ہیں اور سلاسل اربعہ نقشبندیہ، قادریہ ،چشتیہ اور سہروردیہ میں عالی نسبت رکھتے ہیں __احاطہ مقصود نہیں ورنہ کئی دفاتر درکار ہیں یہ محض قسط اول ہے بقیہ نام انشاء اللہ جلد پیش کیے جائیں گے
1)حضرت مولانا گل محمد تور پٹکی دامت برکاتہم
مشہور و معروف معمر بزرگ ہیں اور مولانا خان بہادر قدس سرہ کے خلیفہ ہیں!
2)حضرت مولانا قمر الزمان الہ آبادی مدظلہ
ہندوستان کے مشہور پیر طریقت ہیں، تصوف و أخلاق میں نمایاں مقام رکھتے ہیں، اقوال سلف جیسے انسائیکلوپیڈیا کے مرتب ہیں،1933 کی ولادت ہے.. مصلح الامت مولانا شاہ وصی اللہ الہ آبادی خلیفہ حکیم الامت حضرت تھانوی کے داماد و خلیفہ ہیں، نیز مشہور نقشبندی بزرگ حضرت مولانا محمد احمد ہرتابگڑھی قدس سرہ سے بھی اجازت و خلافت حاصل ہے، برصغیر اور عالم عرب میں ان کے سیکڑوں مریدین اور ہزاروں خلفاء ہیں، آپ بلاشبہ برکة العصر ہیں _
3) مولانا قاری عبدالغفور وزیرستانی مدظلہ
نقشبندی سلسلہ کے ممتاز بزرگ ہیں حضرت مولانا عبدالمالک صدیقی نقشبندی مجددی خلیفہ شاہ فضل علی قریشی کے خلیفہ مجاز ہیں
4) مولانا عبدالحلیم دیر باباجی مدظلہ
بافیض بزرگ و محدث ہیں،جامعہ حقانیہ کے شیخ الحدیث ہیں،شیخ التفسير حضرت مولانا احمد علی لاہوری کے شاگرد و مرید ہیں جب کہ مولانا عبید اللہ انور کے خلیفہ مجاز ہیں
5) مولانا قاری فیوض الرحمن برگیڈیر مدظلہ
آپ ماہر علم و فن معروف مصنف اور عظیم عالم دین ہیں، مولانا شاہ عبدالقادر رائے پوری قدس سرہ کے مرید ہیں اور مولانا مفتی بشیر احمد پسروی خلیفہ مولانا احمد علی لاہوری قدس اللہ أسرارھما کے مسترشد و خلیفہ ہیں ان کے علاوہ ڈاکٹر عبدالحلیم چشتی،مولانا شاہ عبدالغفار مہاجر مدنی اور مولانا سید انظر حسین میاں دیوبندی وغیرہ سے بھی اجازت و خلافت ہے.
6)مولانا سید چراغ الدین شاہ مدظلہ
یہ بھی عصر رواں کے مشہور عالم دین ہیں.فن تفسیر و حدیث میں ممتاز مقام رکھتے ہیں سلسلہ نقشبندیہ میں مولانا عبدالمالک صدیقی نقشبندی کے خلیفہ ہیں.
7)مولانا مفتی محمد حسن لاہوری مدظلہ
باکمال محدث ہیں. اپنے تقوی و طہارت، نرم مزاجی، اخلاق و کردار اور تواضع و انکسار کی بدولت خاصے مقبول ہیں، مولانا صوفی محمد سرور لاہوری کے خلیفہ ہیں، ان کے علاوہ مولانا سرفراز خان صفدر اور صوفی نفیس الحسینی لاہوری سے بھی اجازت و خلافت حاصل ہے.
8)مولانا سید عاقل سہارنپوری مدظلہ
مظاہر علوم سہارنپور کے ناظم و شیخ الحدیث ہیں.. شیخ الحدیث حضرت مولانا زکریا کاندھلوی کے داماد و خلیفہ مجاز ہیں. سنن ابی داؤد کی شرح الدر المنضود کے مصنف ہیں. بڑے باکمال اور بافیض عالم ہیں
9)مولانا مختار الدین شاہ صاحب مدظلہ
کربوغہ کے رہنے والے ہیں اور شیخ الحدیث حضرت مولانا زکریا کاندھلوی قدس سرہ کے خلیفہ ہیں.. ارشاد و سلوک کے سلسلہ میں بڑا کام کررہے ہیں
10)مولانا سید شاہد سہارنپوری مدظلہ
مظاہر علوم سہارنپور کے امین عام اور شیخ الحدیث حضرت مولانا زکریا کاندھلوی قدس سرہ کے نواسہ و خلیفہ مجاز بیعت ہیں.. کئی کتابوں کے مصنف ہیں جن میں اکابر مظاہر علوم کی جنگ آزادی میں خدمات اور فضل آئے مظاہر علوم کی علمی خدمات قابل ذکر ہیں
11)مولانا عبدالرشید قاسمی اعظمی مقیم ممبئی
گمنام بزرگ ہیں اور مولانا عبدالمالک صدیقی نقشبندی مجددی کے انڈیا میں واحد خلیفہ ہیں
12)مولانا فضل الرحیم مجددی مدظلہ
جامعہ اشرفیہ کے مہتمم ہیں. مولانا مفتی حسن امرتسری کے صاحبزادے و خلیفہ ہیں..
13)مولانا ڈاکٹر میاں محمد اجمل قادری مدظلہ
موصوف سلسلہ قادریہ راشدیہ کے سرخیل ہیں اور مولانا عبید اللہ انور لاہوری کے خلیفہ و جانشین ہیں
14)مولانا پیر محمد شاہ قریشی مدظلہ
خانقاہ فضلیہ مسکین شریف کے سجادہ نشین ہیں اور خواجہ کلیم اللہ اور مولانا علی مرتضیٰ کے خلیفہ ہیں.. سلسلہ نقشبندیہ کے امیر ہیں دو سو سے زائد خلفاء ہیں _
15)مولانا حکیم عبداللہ مغیثی مدظلہ
موصوف کی ولادت 1936 کی ہے_ مولانا شاہ عبدالقادر رائے پوری کے خادم و مرید ہیں _مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندوی قدس سرہ کے اجل خلیفہ ہیں_ یوپی کے مشہور ادارہ جامعہ گلزار حسینہ اجراڑہ کے مہتمم ہیں اور ملی کونسل کے صدر ہیں. طریقت و تصوف کے حوالہ سے کافی مشہور ہیں.. سو کے قریب خلفاء ہیں
16)مولانا شاہ منیر احمد کالینہ ممبئی مدظلہ
موصوف بستی کے رہنے والے ہیں سن ولادت 1948ہے. مظاہر علوم سہارنپور کے فارغ التحصیل ہیں. مولانا شاہ وصی اللہ الہ آبادی کے مرید ہیں اور مولانا شاہ عبدالحلیم جونپوری خلیفہ مصلح الامت و شیخ الحدیث کے ممتاز خلیفہ ہیں. فقیہ الإسلام حضرت مولانا مفتی مظفر حسین سہارنپوری اور پیر طریقت حضرت مولانا طلحہ کاندھلوی دے بھی اجازت بیعت ہیں. کالینہ ممبئی میں مقیم ہیں اور سلوک و احسان کے سلسلہ میں گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں.. سو سے زیادہ خلفاء ہیں
17) میانجی رمضان میواتی مدظلہ
آپ عہد حاضر کے مشہور صاحب ارشاد بزرگ ہیں، مالب میوات سے تعلق رکھتے ہیں. پوری دنیا میں شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی قدس سرہ کے آخری تربیت یافتہ اور خلیفہ مجاز بیعت ہیں ،بڑے متحرک و نشیط ہیں. نوے برس سے متجاوز عمر ہے اس کے باوجود دینی، ملی اور احسانی خدمات میں پوری تن دہی سے مشغول ہیں، آپ کے خلفاء میں فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی سب سے نمایاں ہیں
18)مولانا مفتی حبیب اللہ قاسمی اعظم گڑھ مدظلہ
جامعہ اسلامیہ سنجرپور کے شیخ الحدیث و مہتمم ہیں.سن ولادت 1959 ہے، مصنف کتب کثیرہ ہیں.. حدیث و فقہ و تصوف کے جامع ہیں. فقیہ الامت مفتی محمود حسن گنگوہی اور مولانا شاہ عبدالحلیم جونپوری کے خلیفہ ہیں.. ایک خانقاہ کے بھی ذمہ دار ہیں. فتاوی حبیب الامت اور مواعظ حبیب الامت سمیت درجنوں کتابوں کے مصنف ہیں… سو کے قریب خلفاء ہیں
19)شاہ انصار کامل چائلی مدظلہ
معروف شاعر اسلام ہیں.. درد و سوز اور کیف و مستی کے عالم میں حمد و نعت پڑھتے ہیں. بزرگانہ اداؤں کے امین ہیں. شاہ وصی اللہ کے مرید ہیں اور مولانا احمد پرتاپ گڑھی و مولانا ابرار الحق ہردوئی کے خلیفہ ہیں..
20)مفتی تقی عثمانی مدظلہ
آپ عالم اسلام کے ممتاز عالم دین ہیں، فقہ، حدیث ،تصوف اور ادب سمیت مختلف علوم و فنون میں مہارت رکھتے ہیں، سن ولادت 1943ہے، مولانا مفتی شفیع عثمانی سابق مفتی دار العلوم دیوبند کے صاحبزادہ ہیں، طریقت و تصوف میں ڈاکٹر عبدالحئی عارفی اور مولانا مسیح اللہ خان جلال آبادی کے خلیفہ مجاز ہیں، تھانوی سلسلہ کے صاحب فکر اور عالی مرتبت شیخ، دار العلوم کراچی کے شیخ الحدیث ہیں، اردو، عربی اور انگریزی میں کئی گراں قدر تصانیف ہیں! بلاشبہ آپ ملت اسلامیہ کے گل سرسبد اور گوہر شب چراغ ہیں،
21)حکیم محمد نسیم گیاوی مدظلہ
صاحب جذب بزرگ ہیں، کشف و کرامات کے حوالہ سے بھی ممتاز ہیں.مولانا احمد پرتاب گڑھی وغیرہ کے خلیفہ ہیں.شاہ فضل رحمن گنج مرادآبادی کے سلسلہ میں بھی اجازت یافتہ ہیں
22)مولانا سید بلال حسین تھانوی مدظلہ
مغربی اترپردیش کے بافیض بزرگ ہیں.سن ولادت 1943ہے ، مدرسہ جامع العلوم اشرفیہ باغپت کے بانی و مہتمم ہیں.. وعظ و بیان کا بہترین ملکہ حاصل ہے.. مولانا حامد حسین تھانوی کے صاحبزادہ و مجاز ہیں محی السنہ مولانا ابرار الحق ہردوئی کے ممتاز خلیفہ ہیں. ہزاروں مریدین ہیں سو سے زیادہ خلفاء ہیں
23)مولانا ہاشم چھٹملپوری مدظلہ
سلسلہ رائے پور کے ممتاز بزرگ ہیں مدرسہ کاشف العلوم چھٹملپور کے مہتمم ہیں اور حافظ عبدالستار عزیزی خلیفہ شاہ عبدالقادر رائے پوری کے ممتاز خلیفہ ہیں. مولانا احمد جعفری خلیفہ شیخ الاسلام سے بھی اجازت حاصل ہے تیس کے قریب ان کے خلفاء ہیں..
24) ڈاکٹر تقی الدین ندوی مظاہری مدظلہ
ہندوستان کے مشہور محدث ہیں،سن ولادت 1934ہے، آپ دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ اور مظاہر علوم سہارنپور کے فیض یافتہ ہیں، دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ،فلاح دارین ترکیسر گجرات اور العین یونیورسٹی ابوظہبی میں حدیث پاک کے مدرس رہے ہیں،شیخ الحدیث حضرت مولانا زکریا کاندھلوی قدس سرہ کے عزیز ترین شاگرد ہیں، تصوف و سلوک میں مولانا احمد پرتاب گڑھی، مولانا طلحہ کاندھلوی ،مولانا سید رابع حسنی ندوی اور پیر ذوالفقار احمد نقشبندی مجددی کے خلیفہ مجاز بیعت ہیں ،جامعہ اسلامیہ مظفر پور اعظم گڑھ کے بانی ہیں نیز عالی سند کے حامل معمر بزرگ ہیں، شیخ زکریا کاندھلوی ،مولانا یوسف بنوری،مولانا احمد ہرتابگڑھی اور شاہ حلیم عطا سلونی سے روایت حدیث کرتے ہیں عالم اسلام میں آپ کے ہزاروں شاگرد ہیں، آپ سے اجازت حدیث لینے والوں کی تعداد بھی سیکڑوں میں ہے، تصنیف و تالیف اور تحقیق و تنقیح کے اعتبار سے بھی مشہور مصنف ہیں
25)سید انظر حسین میاں دیوبندی مدظلہ
دیوبند کے باشندہ ہیں اور میاں خاندان سے تعلق رکھتے ہیں.. مولانا سید اصغر حسین میاں دیوبندی کے پوتے ہیں اور ایک واسطہ سے ان کے خلیفہ ہیں.
26)پیر ذوالفقار احمد نقشبندی مدظلہ
نقشبندی سلسلہ کے معروف بزرگ پیر ذوالفقار نقشبندی کی ولادت 1953کی ہے.. مولانا غلام حبیب چکوال کے خلیفہ ہیں، دارالعلوم جھنگ کے ذمہ دار ہیں، تصوف و سلوک کے حوالہ سے عالمی شہرت رکھتے ہیں، آپ کے دنیا بھر میں لاکھوں مریدین ہیں تین سو کے قریب خلفاء ہیں جن میں مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی، مولانا سلمان جنوری دار العلوم دیوبند، مولانا سید محمود مدنی، مولانا سید طلحہ بھیو نڈی، مولانا لطیف الرحمن بہرائچی وغیرہ شامل ہیں، آپ کی تصانیف میں حیات حبیب، دوائے دل، خطبات فقیر اور مجالس فقیر خاصے کی چیز ہیں
27)مولانا احمد مرتضی سہارنپوری
مدرسہ مظاہر علوم سہارنپور کے بزرگ استاذ ہیں اور مولانا شاہ اسعد اللہ رامپوری کے خلیفہ مجاز ہیں.
28) مولانا مفتی غلام مصطفیٰ اوکاڑوی مدظلہ
مشہور و معروف محدث و شیخ ہیں. پچاس سے زیادہ مشایخ سے اجازت و خلافت حاصل ہے.. مولانا سرفراز خان صفدر کے خلیفہ ہیں. مولانا جلال الدین جمالی، مولانا نثار حسینی ،میانجی رمضان میواتی خلیفہ شیخ الاسلام حضرت مدنی، مولانا ظریف مدنی خلیفہ سید ابوالحسن علی حسنی وغیرہ سے بھی اجازت ہے
29)مولانا عبدالرحمن گلاؤٹھی مدظلہ
گلاؤٹھی بلندشہر کے بافیض بزرگ ہیں، مظاہر علوم سہارنپور کے فارغ التحصیل ہیں. مدرسہ منبع العلوم گلاؤٹھی کے استاذ ہیں. فقیہ الإسلام حضرت مولانا مفتی مظفر حسین سہارنپوری کے ممتاز خلیفہ ہیں.
30)مولانا سید مصطفی رفاعی بنگلوی مدظلہ
آپ بنگلور کے عظیم بزرگ خانوادے سے تعلق رکھتے ہیں، سن ولادت 1948ہے، دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے فارغ التحصیل ہیں، شیخ الحدیث حضرت مولانا زکریا کاندھلوی قدس سرہ اور حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندوی قدس سرہ کے خلیفہ مجاز بیعت ہیں ،سلسلہ کی اشاعت میں متحرک ہیں، کئی سو خلفاء ہیں، خاندانی سلسلہ رفاعیہ و قادریہ میں اپنے والد کے جانشین ہیں
31) مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی مدظلہ
آپ بنارس سے تعلق رکھتے ہیں، سن ولادت 1947ہے، ملت اسلامیہ کے امیر اور دار العلوم دیوبند کے شیخ الحدیث و مہتمم ہیں، نہایت عالی اخلاق اور بلند کردار کے حامل ہیں، فقیہ الامت حضرت مولانا مفتی محمود حسن گنگوہی کے خلیفہ مجاز ہیں
32) مولانا مفتی احمد خانپوری مدظلہ
آپ گجرات کی سب سے مضبوط علمی و فقہی شخصیت کے مالک ہیں، دار العلوم ڈابھیل کے شیخ الحدیث و صدر مفتی ہیں، سن ولادت 1946ہے، فقیہ الامت حضرت مولانا مفتی محمود حسن گنگوہی کے خلیفہ اجل ہیں ،گجرات کے نمایاں مشایخ میں سے ہیں، آپ کی تدریسی، تصنیفی، تفقہی اور احسانی خدمات کا سلسلہ بہت وسیع ہے_
33) مولانا مفتی سید جاوید حسین شاہ
عالم اسلام کے ممتاز محدث و فقیہ ہیں، سن ولادت 1948ہے، دار العلوم کبیر والا اور خیر المدارس ملتان کے فیض یافتہ ہیں، دار العلوم عبیدیہ فیصل آباد کے بانی و شیخ الحدیث ہیں ، مولانا عبید اللہ انور، مولانا مفتی عبدالستار ملتانی، خواجہ عبدالحئی نقشبندی مجددی اور صوفی نفیس الحسینی کے خلیفہ ہیں، سلوک و احسان کے سلسلہ میں خاصے مشہور ہیں اور اکابر کے طریقہ پر رہ کر سالکین کی تربیت اور سلسلہ کی اشاعت کررہے ہیں
34) مولانا مفتی ڈاکٹر عبدالرحمن کوثر مدنی مدظلہ
آپ مشہور عالم دین ہیں. مولانا مفتی عاشق الہی بلندشہری مہاجر مدنی کے صاحبزادہ ہیں، مولانا شاہ حکیم محمد اختر پرتاب گڑھی ،مولانا سید مکرم حسین سنسارپوری ،مولانا جلال الدین جمالی وغیرہ کے خلیفہ ہیں.
35) مولانا شاہ عبدالقادر ندوی مظاہری مدظلہ
آپ گجرات کے معروف مشایخ میں سے ہیں، دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ اور مدرسہ مظاہر علوم سہارنپور کے فیض یافتہ ہیں، شیخ الحدیث حضرت مولانا زکریا کاندھلوی قدس سرہ سے اجازت حدیث حاصل یے ،حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کے ممتاز خلیفہ مجاز بیعت ہیں ،دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے شیخ الحدیث اور نائب مہتمم ہیں، اکابر و مشایخ کی روایتوں کے امین ہیں اور بڑے بافیض، متحمل مزاج، عال ہمت اور شفیق و ملنسار استاذ و مربی ہیں _
36) مولانا سید کفایت بخاری مدظلہ
آپ عہد حاضر کے مشہور محقق و محدث ہیں.متعدد مشایخ سے اجازت و خلافت حاصل ہے ان میں مولانا عبدالغنی لاہوری ،مولانا جلال الدین جمالی وغیرہ شامل ہیں.
37) مولانا الیاس گھمن مدظلہ
ممتاز مناظر اور باکمال عالم ہیں، علم کلام سے خاص شغف ہے، حکیم اختر پرتاب گڑھی ،مولانا امین شاہ جیلانی، مولانا عبدالحفيظ مکی اور پیر ذوالفقار احمد نقشبندی مجددی وغیرہ کے خلیفہ ہیں، درجنوں کتابوں کے مصنف ہیں،
38) مولانا شاہ احمد نصر بنارسی مدظلہ
آپ دار العلوم دیوبند کے فاضل ہیں، سن ولادت 1952ہے، خانقاہ امدادیہ بنارس کے بانی و ناظم ہیں، مولانا صفی اللہ خان جلال آبادی، حافظ اسید رحمانی اور مولانا قمر الزماں الہ آبادی وغیرہ کے خلیفہ ہیں _
39) مولانا قاری یامین قاسمی مدظلہ
حیدرآباد کے ممتاز بزرگ ہیں. مولانا قاری صدیق باندوی اور مولانا سالم قاسمی کے خلیفہ ہیں
40) مولانا مفتی مسعود عزیزی
موصوف مشہور و معروف عالم دین ہیں.. دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے فارغ التحصیل ہیں. مرکز احیاء الفکر الاسلامی کے نام سے سہارنپور میں ادارہ کے بانی و ذمہ دار ہیں.. عالی سند کے حامل ہیں. مولانا سید مکرم حسین سنسارپوری ،مولانا ظریف ندوی اور مولانا ہاشم چھٹملپوری وغیرہ کے خلیفہ ہیں..بافیض بزرگ ہیں سو سے زیادہ خلفاء مجازین ہیں..
41) مولانا مفتی ظہور احمد الحسینی برطانیہ مدظلہ
مشہور محقق ہیں. امام ابوحنیفہ کی حدیثی خدمات پر تحقیقی کام کیا ہے.. مولانا حاجی فاروق سکھروی، مولانا نثار حسینی وغیرہ سے اجازت و خلافت حاصل ہے…
42) مولانا محمد قمر الہ آبادی مدظلہ
آپ الہ آباد کے رہنے والے ہیں، مسیح الامت حضرت مولانا شاہ مسیح اللہ خان جلال آبادی کے خلیفہ مجاز بیعت ہیں ،سن ولادت 1940 ہے _
43) مولانا علاؤ الدین میواتی مدظلہ
آپ علاقہ میوات کے ممتاز بزرگ ہیں، تبلیغی جماعت کے اکابر میں شمار ہوتا ہے، مولانا یوسف کاندھلوی کے تربیت یافتہ ہیں، مولانا الیاس کاندھلوی کے سلسلہ میں مولانا احترام الحسن کاندھلوی کے خلیفہ مجاز ہیں، 1940کی ولادت ہے، میانجی سفیدہ میواتی اور مولانا داؤد کاندھلوی سے بھی اجازت ہے
44) قاضی محمد کامل مدظلہ
آپ دیوبند کے رہنے والے ہیں.دار العلوم دیوبند کے فارغ التحصیل ہیں، صوفی یسین کے خلیفہ و جانشین ہیں. اقطاب ثلاثہ میں سے مولانا فتح محمد تھانوی خلیفہ میانجی نور محمد جھنجھانوی کے سلسلہ کے بزرگ ہیں.اوکھلا میں قاضی کے عہدہ پر فائز ہیں
45) مولانا مفتی نوید ظفر حسینی مدظلہ
موجودہ دور کے صاحب نسبت عالم دین ہیں…سو سے زیادہ مشایخ سے اجازت و خلافت حاصل ہے.. مولانا شاہ عبدالغفار مہاجر مدنی کے اخص الخواص خلفاء میں سے ہیں نیز ڈاکٹر عبدالحلیم چشتی، مولانا سید أصلح حسینی وغیرہ کے خلیفہ ہیں،
46) مولانا مفتی احسان الحق کراچی
عالی سند کے حامل ممتاز فقیہ ہیں.سو سے زیادہ مشایخ سے نسبت و اجازت حاصل ہے ،مولانا امیر علوی میرٹھی ،مولانا قاری فیوض الرحمن بریگیڈئر ،صوفی اسعد جونپوری ،مولانا مفتی عبدالحمید ستارہ وغیرہ سے اجازت و خلافت حاصل ہے..
47) مولانا مفتی ڈاکٹر سید عمیراحمد ندوی،ناندیڑ ،
دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ممتاز فاضل ہیں، مدرسہ گلشن ملت کے شیخ الحدیث ہیں، کم عمری میں صلاح و تقوی، علم و فہم اور عالی نسبتوں کے حامل ہیں، دوہزار سے زائد محدثین و مسندین سے روایت کی اجازت ہے، کئی محدثین علماء اور مشائخ طریقت کے وکالات بھی ہیں، شیر اسلام مولانا حبیب الرحمٰن ثانی لدھیانوی علیہ الرحمہ ،صوفی حافظ اسید رحمانی نقشبندی علیہ الرحمہ، مولانا ظریف احمد ندوی ،مفتی حبیب اللہ اعظمی اور میانجی رمضان میواتی،ڈاکٹر ضیاء الدین رحمانی مجددی سمیت متعدد مشایخ سے اجازت و خلافت حاصل ہے.آپ تمام مکاتب فکر و مسالک میں متفق طور پر جنوبی ہند کے سب سے عالی سند محدث و مسند ہے.
48) مولانا عمرین محفوظ رحمانی
آپ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری ہیں، مولانا سید محمد ولی رحمانی کے خلیفہ مجاز ہیں، کافی متحرک و فعال عالم دین ہیں، خانقاہی سلسلہ سے وابستہ ہیں اور مریدین و مسترشدین کی تربیت میں مشغول ہیں،مالیگاؤں میں رہتے ہیں .
49) مولانا خالد سیف اللہ رحمانی
ہندوستان کے ممتاز فقیہ ہیں، المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کے ذمہ دار ہیں، دار العلوم دیوبند کے فیض یافتہ ہیں، مولانا سالم قاسمی اور مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی وغیرہ کے خلیفہ ہیں، کئی اہم علمی و فقہی کتابوں کے مصنف ہیں، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ذمہ داروں میں سے ہیں سن ولادت 1956ہے.
50) مولانا احمد میاں سندھ
عالم تصوف میں سلسلہ قادریہ کے سب سے عالی نسبت شیخ کامل ہیں، عمر سو سے متجاوز ہے، مولانا حماد اللہ ہالیجوی کے پوتے اور خلیفہ مجاز بیعت ہیں.
عبدالمالک ندوی دہلوی