لکھنؤ: ریاست اتر پردیش کے ضلع بستی سے ایک ایسی خبر سامنے آئی ہے جس نے سب کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔ یہاں دو جڑواں بھائیوں نے ایک ہی لڑکی کے ساتھ شادی رچائی ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بحث و تکرار کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ دونوں دولہے سگے جڑواں بھائی ہیں۔ بچپن سے ہی ان دونوں کی یہ ضد تھی کہ وہ ہر کام مل کر کریں گے اور کبھی ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوں گے۔ اپنی اسی ضد کو برقرار رکھتے ہوئے انہوں نے ایک ہی لڑکی سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔ والدین نے بھی بیٹوں کی اس عجیب فرمائش کے آگے گھٹنے ٹیک دئے اور دھوم دھام سے یہ شادی انجام پائی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ‘جے مالا’ کی رسم کے دوران دونوں بھائی باری باری دلہن کو ہار پہنا رہے ہیں۔ جہاں دونوں بھائی اس موقع پر بے حد خوش نظر آ رہے ہیں، دلہن کے چہرے پر چھائی اداسی ظاہر ہورہی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ کیا یہ شادی لڑکی کی مرضی سے ہوئی ہے؟ دلہن کے تاثرات سے ایسا لگتا ہے جیسے اس پر دباؤ ڈالا گیا ہو۔
کئی صارفین نے اسے سماجی روایات کا مذاق قرار دیا ہے۔دوسری جانب قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی قوانین کے تحت ایک عورت کا بیک وقت دو شوہروں کے ساتھ ازدواجی رشتہ قانونی پیچیدگیاں پیدا کرسکتا ہے۔ اس شادی کی رجسٹریشن اور مستقبل میں قانونی حیثیت پر بھی سوالات کھڑے ہو رہے ہیں۔