قوم کو ’قربانی‘ کا درس دینے کے بجائے نریندر مودی خود ’وان پر ستھ آشرم‘ کی طرف روانہ ہو جائیں: ہرش وردھن سپکال

قوم کو ’قربانی‘ کا درس دینے کے بجائے نریندر مودی خود ’وان پرستھ آشرم‘ کی طرف روانہ ہو جائیں: ہرش وردھن سپکال

ملک پر آیا بحران وزیر اعظم نریندر مودی کی نااہلی اور لاپرواہی کا نتیجہ، ’کمپرومائزڈ وزیر اعظم‘ ملک چلانے میں مکمل طور پر ناکام: ہرش وردھن سپکال

دنیا کے دیگر ممالک ممکنہ بحران سے نمٹنے کی تیاری میں مصروف تھے جبکہ مودی حکومت انتخابات، تشہیر اور مذہبی منافرت پھیلانے میں لگی رہی

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو پٹرول، ڈیزل، سونے کی خریداری، کھاد اور خوردنی تیل کے استعمال میں کمی کا مشورہ دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک چلانے میں ’کمپرومائزڈ وزیر اعظم‘ پوری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف عوام کو قربانی اور کفایت شعاری کا درس دیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف خود نریندر مودی اور ان کے رفقا کروڑوں روپے کی فضول خرچی میں مصروف ہیں۔ آخر ساری قربانی صرف عوام ہی کیوں دیں اور نریندر مودی صرف کیمروں کے سامنے تقاریر کرتے رہیں؟

وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ جب دنیا کے دیگر ممالک ممکنہ عالمی بحران کے پیش نظر منصوبہ بندی اور تیاریوں میں مصروف تھے، اس وقت نریندر مودی اور بی جے پی صرف انتخابات، اشتہاربازی، مذہبی جنون اور نفرت کی سیاست میں الجھے ہوئے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نریندر مودی کی لاپرواہی، تکبر اور من مانے طرز حکومت کی بھاری قیمت اب ملک کے عوام ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ 140 کروڑ عوام کی یہی خواہش ہے کہ نریندر مودی خود ہی ’قومی مفاد‘ میں قربانی دے کر ’وان پرستھ آشرم‘ کی طرف روانہ ہو جائیں۔

سپکال نے کہا کہ ملک میں ایندھن اور ایل پی جی گیس کا شدید بحران پیدا ہو چکا ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، سونا اور چاندی عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ معیشت بدحالی کا شکار ہے۔ اس کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی صرف تشہیر، فوٹو شوٹ اور ایونٹ بازی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات جیتنے کے لیے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا گیا اور اب عوام کو نصیحتیں دی جا رہی ہیں جبکہ خود وزیر اعظم 40 سے 50 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ سفر کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملک کے پاس دور اندیش قیادت نہ ہو تو پھر ایسے ہی حالات پیدا ہوتے ہیں۔

ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے مارچ ہی میں ملک کو درپیش ممکنہ خطرات کے بارے میں خبردار کیا تھا، لیکن اقتدار کے غرور میں مبتلا نریندر مودی حکومت نے ان انتباہات کو نظر انداز کر کے ملک کو بحران کی کھائی میں دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران جب لوگ آکسیجن کی کمی سے مر رہے تھے، اس وقت وزیر اعظم تالیاں اور تھالیاں بجانے کی اپیل کر رہے تھے۔ انہوں نے نوٹ بندی، جی ایس ٹی اور کورونا بحران کے بعد موجودہ حالات کو ملک پر آیا سب سے بڑا بحران قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے براہ راست نریندر مودی حکومت ذمہ دار ہے۔

MPCC Urdu News 11 May 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading